قومی وقار معاشی ترقی خوشحالی امن و استحکام کیلئے اپنی اپنی قومی و ملی ذمہ داریاں ادا کریں ،ہارون میمن

ہفتہ 23 مارچ 2024 17:32

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2024ء) آل سکھر اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کے بانی و قائد حاجی محمد ہارون میمن نے کہا ہے کہ یوم پاکستان کا تقاضہ ہے کہ قومی قیادت اور عوام ملکی یکجہتی، قومی وقار معاشی ترقی خوشحالی امن و استحکام کیلئے اپنی اپنی قومی و ملی ذمہ داریاں ادا کریں اور بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح مفکر پاکستان علامہ ڈاکٹر محمد اقبال، قائد ملت خان لیاقت علی خان و دیگر قومی قائدین و اکابرین بزرگوں اور اسلاف کے اسلامی و قومی نظریات کو پروان چڑھا کر ہر پاکستانی اپنا کردار ادا کرے یوم پاکستان کے موقع پر جاری کردہ اپنے بیان میں حاجی محمد ہارون میمن کا کہنا تھا کہ ہر سال 23 مارچ کو یام پاکستان منایا جاتا ہے اور روایتی بیانات جاری کیے جاتے ہیں لیکن 23 مارچ کے اصل پیغام کو نظر انداز کردیا جاتا ہے 23 مارچ کا اصل پیغام یہ ہے کہ قومی قیادت اور عوام پاکستان کی بہتری کا سوچ کر ملکی ترقی کیلئے کام کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت معاشی، سیاسی، سماجی حوالوں سے بے پناہ مسائل سے دوچار ہے ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے غیر ملکی قرضوں پر انحصار کرنے کے بجائے ہمیں کفایت شعاری سادگی اعتدال بچت اور میانہ روی کی پالیسیاں اختیار کرنا ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ 23 مارچ 1940 کی قرار داد پاکستان دراصل قیام پاکستان کی جدوجہد کا اعلان تھا قرار داد پاکستان کی منظوری کے 7 سال بعد ہی 14 اگست 1947 کو اسلامی جمہوریہ پاکستان دنیا کے نقشے پر ابھر کر سامنے آیا۔ انہوں نے کہا کہ افواج پاکستان ہمارا قومی فخر ہے اور پاک فوج دفاع و استحکام وطن کیلئے قربانیاں دے رہی ہے پوری قوم افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔