شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی کو تیسری برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، غلام نبی مری

ہفتہ 23 مارچ 2024 20:20

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مارچ2024ء) بلوچستان نیشل پارٹی کے ممبر سنٹرل ایگزیکٹیو کمیٹی و ضلعی صدر کوئٹہ غلام نبی مری نے جوانسال صحافی شہید عبدالواحد رئیسانی کی تیسری برسی کے حوالے سے ایک تعزیتی بیان میں شہید کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید عبدالواحد رئیسانی عنفوان شباب میں جام شہادت نوش کر کے ہمیشہ کے لئے امر ہو گئے۔

وہ ایک بے باک اور جرات مند صحافی تھے جو معاشرے کے جابر اور ظالم کرداروں کو بے نقاب کرنے پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرتے تھے۔ ان کی حق گوئی اور صداقت سے خوفزدہ ہو کر ایک منظم سازش کے تحت انہیں قمبرانی روڈ پر نامعلوم افراد کے ہاتھوں خون میں نہلایا گیا۔ آج ہم سے بچھڑے ہوئے شہید کو تین سال پورے ہوگئے ہیں مگر ان کے قاتل ابھی تک آزاد گھوم رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پچھلے دو دہائیوں میں بلوچستان کے پچاس سے زائد صحافی شہید ہو چکے ہیں مگر ان کے قاتل آج تک نامعلوم ہے۔ معاشرے میں شعور و آگہی پھیلانے اور عوام کو باخبر رکھنے کے لئے پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا کے صحافیوں کا کردار ہمیشہ صف اول کا رہا ہے جس کو خراج عقیدت پیش کرنا ہمارا فرض بنتا ہے۔ اس شہر ناپرساں میں صحافی برادری سمیت طلبا، وکلا، ڈاکٹر، سیاسی کارکن اور مزدور طبقہ سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں بے گناہوں کو ٹارگٹ کلنگ اور بم دھماکوں میں مارے گئے ہیں مگر آج تک کسی قاتل کو گرفتار کر کے انصاف کے کٹہرے میں نہیں لائے گئے جو سرکار اور سرکاری اہلکاروں کی کارکردگی پر ایک سوالیہ نشان ہے۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ جوانسال شہید صحافی عبدالواحد رئیسانی کے قاتلوں کو گرفتار کر کے قرار قانون سزا دی جائے۔ یاد رہے کہ شہدا کا خون کبھی رائیگاں نہیں جاتا بلکہ وہ ایک نا ایک دن ظالم کی بنیاد کو ہلا کر رکھ دیتا ہے اور جس کا قاتل نا معلوم رہے اس کا قاتل خود سرکار ہوتا ہے۔