صدر مملکت نے یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر سمانتھا پاور کو ہلالِ قائداعظم ایوارڈ سے نوازا

ہفتہ 23 مارچ 2024 22:06

صدر مملکت نے یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر سمانتھا پاور کو ہلالِ قائداعظم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2024ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے 23 مارچ 2024 کو یوم پاکستان کے پرمسرت موقع پر یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر سمانتھا پاور کو پاکستان میں 2022 کے تباہ کن سیلاب کے دوران انکی خدمت پر 'ہلالِ قائداعظم' ایوارڈ سے نوازا۔ یہ اعزاز امریکہ اور پاکستان کے درمیان گہری شراکت داری اور ترقی میں تعاون کے لیے ان کے مشترکہ عزم کی علامت ہے۔

یو ایس ایڈ کی جانب سے ہفتہ کو جاری پریس ریلیز کے مطابق سمانتھا پاور کی جانب سے پاکستان میں یو ایس ایڈ کی مشن ڈائریکٹر کیٹ سوم وونگسری نے ایوارڈ وصول کیا۔ اپنے ایک ویڈیو پیغام میں سمانتھا پاور نے حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے یو ایس ایڈ کے پاکستان کے ساتھ کھڑے ہونے کے عزم کا اعادہ کیا اور دونوں ممالک کے درمیان پائیدار شراکت کو تسلیم کرنے پر پاکستانی عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔

(جاری ہے)

2022 کے سیلاب کے دوران امریکا، یو ایس ایڈ کے توسط سے امدادی کارروائیوں میں پیش پیش رہا۔ امریکہ نے اس مد میں مجموعی طور پر 215 ملین ڈالر سے زیادہ کی امداد فراہم کی۔ جس میں امریکی شہریوں اور کمپنیوں کی جانب سے 37 ملین ڈالر سے زیادہ کی امداد بھی شامل ہے۔ اس امداد سے سیلاب سے متاثرہ افراد کو ضروری سامان، ہنگامی پناہ گاہ، صاف پانی، خوراک اور ادویات فراہم کی گئیں ۔ واضح رہے کہ فوری امداد کے علاوہ USAID آفات سے نمٹنے اور فوڈ سیکیورٹی کے حوالے سے پاکستان کی معاونت جاری رکھے ہوئے ہے۔