23مارچ تجدید عہد کا دن ہے،پاکستان کے عوام دہشت گردوں کے خلاف پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور دہشت گردی ہمارے حوصلے پست نہیں، میرعلی مدد

ہفتہ 23 مارچ 2024 22:06

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماءرکن صوبائی اسمبلی میر علی مدد جتک نے کہا ہے کہ 23مارچ تجدید عہد کا دن ہے، پاکستان بر صغیر کے مسلمانوں کے لئے پرامن ملک کے طور پر بنا یا گیا، 23مارچ کا دن ہم سے تقاضہ کر تا ہے کہ ہم ذاتی مفاد سے بالاتر ہو کر اجتما عی سوچ اپنائےاور ملک کی خوشحالی کے لئے ہر قسم کی قربانی کے لئے ہمہ وقت تیار رہیں، ہم کسی قیمت پر وطن عزیز پر کوئی آنچ نہیں آنے دیں گے ،وطن عزیز کو امن وسلامتی کا گہوارہ بنانے کے لئے دیانت داری سے سماجی ذمہ داریاں بھی پوری کرنی ہونگی۔

ان خیالات کااظہارانہوں نے یوم پاکستان کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان پی پی پی کے سینئر رہنماءرکن صوبائی اسمبلی میر علی مدد جتک نے مزید کہا کہ یوم پاکستان تجدید عہد کا دن ہے اور آج ہم سب یہ عہد کر لیں کہ ہمیں نفرتوں کی دیوار کو گراکر آپس میں ملی یکجہتی و بھائی چارے کو فروغ دیناہو گا اور ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چند عناصر دہشت گردی پھیلا کر عوام کو خوف و ہراس میں مبتلا کرکے ملک کو غیر مستحکم بنانے کی کوششیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام دہشت گردوں کے خلاف پاک افواج کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور دہشت گردی ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے استحکام و خوشحالی کے لیے پاک افواج،ایف سی ،لیویز فورس ،پولیس فورس سمیت تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بیش بہا قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی اور شہداءکا خون ضرور رنگ لائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں ہمیں اپنا کردار ادا کرنا ہو گا اور نئی نسلوں کو ایک پرامن و خوشحال پاکستان دے کر اپنے مستقبل کو محفوظ بنانا ہو گا جس کے لئے ہمیں رنگ نسل و ذات پات سے نکل کر ایک پاکستانی قوم بننا ہو گا تاکہ ملک سے دہشت گردی و بدامنی سمیت غربت ،مہنگائی،بے روزگاری جیسی لعنت کا خاتمہ ممکن بن سکے۔