خدمات کا اعتراف قومی اسمبلی کے اسپیشل سیکرٹری برائے قانون سازی محمد مشتاق کو صدارتی ایوارڈ برائے تمغہ امتیاز سے نواز دیا

ہفتہ 23 مارچ 2024 22:45

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مارچ2024ء) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی ملک کا سب سے اہم آئینی ادارہ ہے اور اس کے افسران و اہلکار اس ادارے کا قیمتی اثاثہ ہیں۔ اس ادارے کے افسران اپنے تجربے اور صلاحیتوں کی بدولت نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایڈیشنل سیکرٹری قومی اسمبلی محمد مشتاق کو پاکستان کے 76ویں یوم آزادی کے موقع پر صدر مملکت اسلامی جمہوریہ پاکستان کی جانب سے اعلان کردہ تمغہ امتیاز برائے حسن کارکردگی حاصل کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ محمد مشتاق جیسے قابل اور فرض شناس افسر دیگر تمام افسران و عملے کے لیے مشعل راہ ہیں، جہنوں نے اپنی صلاحیتوں کی بدولت اپنے ادارے اور معاشرے میں منفرد مقام حاصل کیا ہے۔

(جاری ہے)

سپیکر نے قانون سازی کے شعبے میں ادارے کی کارکردگی کو بڑھانے کے لیے محمد مشتاق کی خدمات کی خصوصی تعریف کی۔انہوں نے مزید کہا کہ قومی اسمبلی کو ان کی شاندار کارکردگی اور اس ادارے اور ملک کے لئے ان کی خدمات پر فخر ہے۔

سپیکر نے امید کا اظہار کیا کہ محمد مشتاق سمیت اس ادارے کے دیگر افسران ملک اور پاکستان کی قومی اسمبلی کے بہترین مفاد میں اپنا بھرپور کردار ادا کرتے رہیں گے۔ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفی شاہ نے بھی اسپیشل سیکرٹری برائے قانون سازی محمد مشتاق کو صدارتی ایوارڈ برائے تمغہ امتیاز حاصل کرنے پر مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ محمد مشتاق جیسے قابل اور فرض شناس افسر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کا قیمتی اثاثہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان گراں قدر خدمات کے اعتراف میں انہیں صدارتی ایوارڈ برائے تمغہ امتیاز سے نوازا گیا ہے۔ سیکرٹری قومی اسمبلی طاہر حسین نے بھی اسپیشل سیکرٹری محمد مشتاق کو صدارتی ایوارڈ برائے تمغہ امتیاز ملنے پر مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل سیکرٹری قانون سازی محمد مشتاق نے قومی اسمبلی میں اپنی گراں قدر خدمات سر انجام دی ہیں۔

انہوں نے کہا محمد مشتاق دیگر افسران اور عملے کے لیے مشعل راہ ہیں۔واضح رہے کہ محمد مشتاق اسپیشل سیکرٹری قومی اسمبلی برائے قانون سازی نے قومی اسمبلی میں قانون سازی سے متعلق قومی اور بین الاقوامی سطح پر قانون سازی اور پارلیمانی طریق کار پر منعقدہ تقریبات میں اپنے کام اور تجربات سے شرکاء کی رہنمائی کی اور انہیں قانون سازی اور پارلیمانی نظام کار سے متعلق آگاہ کیا ہے۔محمد مشتاق نے اپنی شبانہ روز محنت اور لگن کی بدولت صدارتی ایوارڈ برائے تمغہ امتیاز حاصل کیا ہے جس پر قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے تمام افسران اور عملے کے دیگر افراد انہیں شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کرتے ہیں اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔