صوبہ خیبرپختونخوا میں بھی 23 مارچ یوم پاکستان کو قومی جذبے کے ساتھ بھرپور اندازسے منایا گیا

ہفتہ 23 مارچ 2024 20:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مارچ2024ء) ملک کے دیگر حصوں کی طرح صوبہ خیبرپختونخوا میں بھی 23 مارچ یوم پاکستان کو قومی جذبے کے ساتھ بھرپور انداز سے منایا گیا۔ دن کے آغاز پر صوبائی دارالحکومت پشاور میں 21 توپوں کی سلامی دی گئی جبکہ مساجد میں ملک و قوم کی سلامتی اور خوشحالی اور ترقی کےلئے دعائیں مانگی گئیں۔ یوم پاکستان کے موقع پر گورنر ہاؤس پشاور میں تقسيم اعزازت کی پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں گورنر خیبرپختونخوا حاجی غلام علی نے صدر پاکستان کی جانب سے قوم و ملک کےلیے خدمات سرانجام دینے والی شخصیات کو اعزازات سے نوازا گیا۔

یوم پاکستان کی مناسبت سے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ دن کے آغاز پر پشاور کے قلعہ بالاحصار، مہمند، خیبر، چترال اور باجوڑ میں پاک فوج کے مقامی کمانڈرز نے پرچم کشائی کی اور سلامی پیش کی۔

(جاری ہے)

یوم پاکستان کے اس اہم دن پر شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے آئی جی فرنٹیئر کور نارتھ میجر جنرل نورولی خان نے قلعہ بالاحصار میں یادگار شہداء پر سلامی دی اور شہداء کے لواحقین سے ملاقاتیں کیں۔

حکومت خیبر پختونخوا کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ خیبر کی زیرنگرانی 23 مارچ یوم پاکستان کے حوالے سے تحصیل باڑہ میں ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں انتظامی افسران، تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن اور سماجی افراد نے شرکت کی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس) حسیب الرحمن خلیل اور اسسٹنٹ باڑہ شہاب الدین نے ریلی کی قیادت کی۔ یوم پاکستان کے حوالے سے منعقدہ ریلی میں شریک شرکاء کا کہنا تھا کہ 23 مارچ اس جوش اور ولولے کی بنیاد ہے جس نے ایک ملک کی تخلیق کی، اسی جوش اور ولولے کے ساتھ ہم نے اپنے ملک کےلیے مزید خدمات انجام دینی ہیں، 23 مارچ 21ویں صدی میں مسلمانوں کی جدوجہد اور قربانیوں کا نچوڑ ہے۔

ضلع مردان میں 23 مارچ یوم قرار داد پاکستان کو جوش و جذبے کیساتھ منایا گیا۔ ضلع مردان میں 23 مارچ کے موقع پر مختلف سکولوں میں پروگراموں کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف طبقہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔ اسی موقع پر سکول کے بچوں اور بچیوں نے ولولہ انگیز تقاریر کیے اور ملک پاکستان سے ملی نغموں کے صورت میں اپنے عقیدے کا اظہار کیا۔

سٹی ٹریفک پولیس پشاور کے زیر اہتمام یوم پاکستان کی مناسبت سے ٹریفک ہیڈکوارٹرز گلبہار میں پرچم کشائی کی تقریب کا انعقاد ہوا۔ تقریب میں چیف ٹریفک آفیسر ڈاکٹر زاہد اللہ نے پرچم کشائی کی اور سلامی پیش کی۔ چیف ٹریفک آفیسر نے پرچم کشائی کے بعد ملک و قوم کی سلامتی کیلئے دعائیں مانگیں۔ ضلع صوابی میں 23 مارچ یوم قرار داد پاکستان جوش و جذبے کیساتھ منایا گیا۔

ضلع صوابی میں 23 مارچ کے موقع پر ریسکیو 1122 کے سنٹر میں ایک پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں اسسٹنٹ کمشنر صوابی نے شرکت کی۔ تقریب میں وطن عزیز کے سبز ہلالی پرچم کو ریسکیو کے دستے نے سلامی دی۔ اس کے بعد ایک ریلی کا انعقاد بھی کیا گیا۔ نوشہرہ کی تحصل پبی میں 23 مارچ یوم پاکستان کے حوالے سے اسٹنٹ کمشنر پبی خولا طارق کی قیادت میں ریلی/واک کا نعقاد کیا گیا۔

ریلی میں لوکل پولیس, ریونیو سٹاف بمعہ تحصلداران ,ٹی ایم اے اور سول سوسائٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شرکاء نے خطاب میں کہا کہ آج عہد کریں کہ ہم اپنے وطن سے نفرت کرنے والوں سے ترقی، خوشحالی اور علم کے ذریعے انتقام لیں گے کیونکہ یہ وطن ہے تو ہم ہیں. یوم پاکستان کی مناسبت سے صوبے کے دیگر علاقوں میں بھی تقاریب کا انعقاد کیا گیا۔