پنجاب یونیورسٹی کالج آف بینکنگ اینڈ فنانس کوپانچ نئے ڈگری پروگرام کی منظوری مل گئی

اتوار 24 مارچ 2024 19:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مارچ2024ء) پنجاب یونیورسٹی ہیلی کالج آف بینکنگ اینڈ فنانس کے زیر اہتمام بورڈ آف سٹڈیز کے اجلاس میں انڈر گریجویٹ اور ماسٹرز کی سطح پر پانچ نئے ڈگری پروگراموںبشمول بی ایس اسلامک بینکنگ اینڈ فنانس، ایم ایس اسلامک بینکنگ اینڈ فنانس، ایم ایس پبلک فنانس اینڈ پالیسی، ایم ایس بزنس اینالیٹکس اور ایم ایس سسٹین ایبلٹی مینجمنٹ کی منظوری مل گئی۔

اس سنگ میل سے کالج اب اپنے بورڈ آف فیکلٹی اور اکیڈمک کونسل کے اجلاسوں کے ساتھ جلد ہی ان عالمی سطح پر تسلیم شدہ ڈگری پروگراموں کوآئندہ نسلوں کے لیے استفادہ اور خوشحالی کے لیے متعارف کرائے گا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کالج پرنسپل ڈاکٹر احمد منیب مہتا کا کہنا تھا کہ ایچ سی بی ایف پہلے ہی پاکستان میں ایسا پلیٹ فارم ہے جس میں اعلیٰ ہنر مند فیکلٹی بزنس مینجمنٹ میں انڈرگریجویٹ، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگرام نجی جامعات کے مقابلے میں کم فیسوں پرپیش کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد عوام کو سہولت فراہم کرنے اور یونیورسٹی کے ویژن اور وطن عزیزکی فلاح و بہبود میں اپنا کردار ادا کرنے کے لیے پبلک یا پرائیویٹ سیکٹر میں اپنے ہم منصبوں سے زیادہ معیاری اور سستی تعلیم مارکیٹ کی ضرورت کے مطابق فراہم کرنا ہے۔ اس اجلاس میں ایچ سی بی ایف نے اپنے پہلے کالج ویژن سٹیٹمنٹ، کالج مشن سٹیٹمنٹ اور کالج کے مقاصد کی منظوری بھی حاصل کی۔