ویسٹ انڈیز ویمن سیریز کے لیے 20 ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان

پیر 25 مارچ 2024 12:38

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) سلیم جعفر کی سربراہی میں خواتین کی قومی سلیکشن کمیٹی نے ویسٹ انڈیز کی خواتین ٹیم کے خلاف 18 اپریل سے 3 مئی تک نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں ہونے والی وائٹ بال سیریز کے لیے 20 ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان سلیکشن کمیٹی کے مطابق سیریز میں تین ون ڈے جو آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کا حصہ ہیں، اس کے علاوہ 5 ٹی ٹونٹی شامل ہیں۔

جن کھلاڑیوں کی واپسی ہوئی ہے ان میں عائشہ ظفر (29 ون ڈے، 20 ٹی ٹونٹی ) گل فیروزہ (2 ون ڈے) رامین شمیم (3 ون ڈے، 4 ٹی ٹونٹی) سدرہ نواز (67 ون ڈے، 56 ٹی ٹونٹی) اور طوبی حسن (1 ون ڈے، 21 ٹی ٹونٹی) شامل ہیں جبکہ عمیمہ سہیل اور شوال ذوالفقار (انجرڈ) جو نیوزی لینڈ کے خلاف 17 رکنی سکواڈ کا حصہ تھیں، کیمپ کی ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل نہیں ہیں۔

(جاری ہے)

سلیکشن کمیٹی کپتان اور عبوری ہیڈ کوچ کی مشاورت سے کراچی میں کیمپ کے دوران ون ڈے سیریز کے لیے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کرے گی۔

ممکنہ کیمپ کی بقیہ 5 کھلاڑیوں کو ڈومیسٹک ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ میں حصہ لینے کے لیے ریلیز کردیا جائے گا۔کیمپ میں جو کھلاڑی شامل ہیں ان میں عالیہ ریاض ، عائشہ ظفر، بسمہ معروف، ڈیانا بیگ، فاطمہ ثنا، غلام فاطمہ،گل فیروزہ منیبہ علی، ناجیہ علوی ( وکٹ کیپر ) نشرہ سندھو،نتالیہ پرویز، ندا ڈار، رامین شمیم، صدف شمس، سعدیہ اقبال، سدرہ امین ، سدرہ نواز ( وکٹ کیپر ) ، طوبی حسن ،ام ہانی اور وحیدہ اختر شامل ہیں۔

چیف سلیکٹر سلیم جعفر نے بتایا کہ سلیکشن کمیٹی نے 20 ممکنہ کھلاڑیوں کا انتخاب ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل سرکٹ میں ان کی کارکردگی کی بنیاد پر کیا ہے۔ عائشہ ظفر، گل فیروزہ، رامین شمیم، سدرہ نواز، اور طوبی حسن کو گزشتہ ڈومیسٹک ایونٹ میں پرفارمنس کے بعد ممکنہ کیمپ میں شامل کیا گیا ہے، کیونکہ ہمارا مقصد اپنی کھلاڑیوں کے پول کو وسیع کرنا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف آنے والی سیریز، جس میں آئی سی سی ویمنز چیمپئن شپ کے میچز شامل ہیں، انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ ہم آئی سی سی ویمنز 50 اوور ورلڈ کپ میں براہ راست اہلیت کے لیے زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے کی کوشش کرنا چاہتے ہیں۔واضح رہے کہ20 رکنی سکواڈ یکم اپریل کو کراچی میں جمع ہوگا اور 2 اپریل سے حنیف محمد ہائی پرفارمنس سینٹر میں کراچی میں 7 روزہ کیمپ شروع ہو گا۔ سکواڈ کے ارکان اور ٹیم انتظامیہ عید کے لیے 9 اپریل کو اپنے آبائی شہر واپس جائیں گے اور سکواڈ 13 اپریل کو دوبارہ کراچی میں جمع ہوگا۔