لاہور،خواجہ سرائوں اور مخنث افراد کے لئے تربیتی ورکشاپ 20 اپریل کو ہوگی

پیر 25 مارچ 2024 12:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) برتھ ڈیفیکٹس فائونڈیشن کے زیر اہتمام خواجہ سرائوں اور مخنث افراد کو معاشرے کا کار آمد شہری بنانے کے لئے 3 روزہ تربیتی ورکشاپ20اپریل کو علامہ اقبال ٹائون لاہور میں منعقد ہو گی۔ برتھ ڈیفیکٹ فائونڈیشن اور ٹرانسجینڈر ری ہیبلٹیشن ویلفیئر سوسائٹی کے چیئرمین و ماہر نفسیات عنصر جاوید نے ’’اے پی پی‘‘سے گفتگو کرتے ہوئےبتایا کہ خواجہ سرائوں اور مخنث افراد کے لئے اپریل میں لاہور، کراچی اور اسلام آباد میں تربیتی ورکشاپ انعقاد کیا جا رہا ہے ،اس سلسلے میں پہلے مرحلے میں20 اپریل کو علامہ اقبال ٹائون لاہور میں ورکشاپ منعقد کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ ورکشاپ کے دوران فارن کوالیفائیڈ بیوٹیشن ثمینہ علیم تربیت دیں گی جبکہ ورکشاپ کے اختتام پر سرٹیفکیٹ بھی دیئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ برتھ ڈیفیکٹس فائونڈیشن ملازمت کی فراہمی میں بھی مدد کرے گی تا کہ خواجہ سرائوں اور مخنث افراد کی زندگیوں میں تبدیلی لائی جا سکے ۔انہوں نے مزید کہا کہ برتھ ڈیفیکٹ فائونڈیشن اب تک ملک بھر میں14695 ہونٹ و تالو کٹے مریضوں کا مفت آپریشن کر چکی ہے،فائونڈیشن دکھی انسانیت کی خدمت عبادت سمجھ کر کر تی ہے۔ انہوں نے کہا کہ برتھ ڈیفیکٹ فائونڈیشن کے زیر اہتمام پروفیسر سرجن ڈاکٹر افضل شیخ مستحق افراد کی اب تک 241 سرجریاں زکوة فنڈ سے کر چکے ہیں ۔