پاکستان چھوڑنے والے غیرقانونی افغانیوں کی تعداد 5 لاکھ 20 ہزار سے متجاوز

تقریباً 10 لاکھ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو وطن واپس بھیجنے کیلئے انخلا ء کے دوسرے مرحلے کے آغاز کی تیاری شروع

پیر 25 مارچ 2024 12:53

پاکستان چھوڑنے والے غیرقانونی افغانیوں کی تعداد 5 لاکھ 20 ہزار سے متجاوز
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2024ء) پاکستان کے مختلف شہروں میں غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی وطن واپسی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔سرکاری اعداد وشمار کے مطابق 21 مارچ سے 24 مارچ تک مزید 7186 غیر قانونی افغان باشندے اپنے ملک چلے گئے، واپس جانے والوں میں 2874 مرد، 1543 خواتین اور 2769 بچے شامل ہیں۔افغانستان روانگی کے لئے 284 گاڑیوں میں 297 خاندانوں کی اپنے وطن واپسی عمل میں لائی گئی ۔

علاوہ ازیں پاکستان نے تقریباً 10 لاکھ رجسٹرڈ افغان مہاجرین کو ان کے وطن واپس بھیجنے کے لیے انخلا ء کے دوسرے مرحلے کے آغاز کی تیاری شروع کر دی ہے، ضلعی حکام اور پولیس کو ملک بھر میں ان کے ٹھکانوں کا نقشہ بنانے اور ڈیٹا اکٹھا کرنے کی ہدایات دی گئی ہے۔میڈیا رپوڑت میں ایک عہدیدار کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ افغان سٹیزن کارڈ ہولڈرز کی میپنگ کا عمل تیز کردیں۔

(جاری ہے)

ابھی تک کسی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا ہے لیکن یہ امکان ہے کہ لاکھوں اے سی سی ہولڈرز کی وطن واپسی کی مہم وفاقی حکومت کی منظوری کے بعد ممکنہ طور پر موسم گرما کے اوائل سے شروع ہوسکتی ہے۔خیبر پختوانخواہ میں میپنگ کا عمل پہلے ہی شروع کر دیا گیاہے، رمضان کے بعد اس میں تیزی آئے گی اور امید ہے کہ 30 اپریل سے پہلے سروے مکمل کر لیا جائے گا۔اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے یواین ایچ سی آر کے مطابق پاکستان میں 21 لاکھ 80 ہزار رجسٹرڈ افغان مہاجرین موجود ہیں، اس میں 2006-07میں کی گئی مردم شماری کے مطابق رجسٹریشن کے ثبوت کارڈ رکھنے والے 13 لاکھ پناہ گزینوں کے علاوہ اضافی 8 لاکھ 80 ہزار پناہ گزین بھی شامل ہیں جن کو 2017 میں رجسٹریشن مہم کے بعد افغان سٹیزن کارڈز دئیے گئے۔