اسٹریٹ کرائمزکے واقعات تھمنے کانام نہیں لے رہے،حاجی حنیف طیب

شہرمیں امن وامان قائم کرنے کیلئے موثرلائحہ عمل طے کرنے کی ضرورت ہے،چیئرمین نظام مصطفی پارٹی

پیر 25 مارچ 2024 18:52

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2024ء) نظام مصطفی پارٹی کے چیئرمین سابق وفاقی وزیر پیٹرولیم ڈاکٹر حاجی محمدحنیف طیب نے اسٹریٹ کرائمزودیگر جرائم میں اضافہ کی شرح میں روزبروزاضافہ پر تشویش کا اظہارکیا اورکہاکہ کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کھلے عام دندناتے پھر رہے ہیں عوام شاہراہوں،گلیوں ،بازاروں ،ریسٹورنٹ ،بینکوں اورپیٹرول پمپس میں مسلسل اسٹریٹ کرائم کا شکارہورہے ہیں،جبکہ رواں سال مختلف جرائم کے واقعات کے دوران 40سے زائد افراداپنی جان سے ہاتھ دھوبیٹھے ہیںجبکہ گھروں میں ڈکیتی کی وارداتیں ،اغوابرائے تاوان اوربھتہ خوری جیسے واقعات بڑھ گئے ہیںان واقعات کے باعث ہرطبقہ میں شدید تشویش پائی جارہی ہے ہرکوئی خوف میں مبتلاہے کہیں ہم اپنے قیمتی سامان سے محروم نہ ہوجائیں یاجان سے ہاتھ نہ دھوبیٹھے،یاپھر مستقل معذوری کا شکارنہ ہوجائے ،لیکن افسوس ہے کہ اس کی روک تھام کیلئے کوئی پرسان حال نہیں ۔

(جاری ہے)

حاجی حنیف طیب نے کہاکہ جرائم میں اضافہ کی وجہ بے روزگاری ہے جبکہ منشیات کے عادی افرادنشے کی لت پوری کرنے کیلئے بھی وارداتو ںمیں ملوث ہیں ،جرائم پیشہ عناصرقانونی گرفت میں نہیں آتے اگر کوئی پکڑابھی جائے ،یاتویااثررسوخ کااستعمال کرکے یاضمانتوں پر رہائی ہوجاتی ہے جس سے ان کے حوصلے مزیدبلند ہوجاتے ہیں۔حاجی محمدحنیف طیب نے کہاکہ کراچی معاشی حب ہے یہاں پر امن وامان قائم کرناضروری ہے، ضرورت اس امرکی ہے کہ حکومت ،اپوزیشن ،تمام سیاسی جماعتوں اورقانون نافذ کرنے والے اداروںکو ملکرموثرلائحہ عمل طے کرنے کی ضرورت ہے۔