سی ڈی اے کا شہریوں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے متعدد منصوبوں پر تیزی سے کام جاری

پیر 25 مارچ 2024 19:57

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کی انتظامیہ جہاں اسلام آباد کے شہریوں کو بہترین سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے متعدد منصوبوں پر تیزی سے کام کررہی ہے وہیں اسلام آباد میں ٹریفک منیجمنٹ سسٹم پر بھی خصوصی توجہ دی جاری ہے تاکہ شہریوں کو ٹریفک جام جیسے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے اور ان کو قیمتی وقت کے ضیاع سے بھی بچایا جا سکے۔

اسی سلسلے میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) کے متعلقہ شعبہ جات کی جانب سے شہریوں کی سہولیات کو مدنظر رکھتے ہوئے خیابان اقبال جنکشن، سروس روڈ ایسٹ، سیکٹر F-10 سے متصل چورنگی (Roundabout) کی توسیع اور بہتری کے کام کا فیصلہ کیا گیا ہے. جسکے لئے 8.5 ملین روپے کا بجٹ مختص کیا گیا ہے، اس ضمن میں ٹینڈرز بھی اخبارات میں شائع کردئیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ موصول ہونے والی بولیوں کی مکمل سکروٹنی کے بعد جلد ہی مذکورہ منصوبے پر کام شروع کردیا جائے گا۔خیابان اقبال جنکشن، سروس روڈ ایسٹ، سیکٹر F-10 سے متصل چورنگی (Roundabout) کی توسیع کی تکمیل سے نہ صرف ٹریفک کے بہاؤ کو کنٹرول کرنے میں خاصی مدد ملے گی بلکہ جڑواں شہروں میں ٹریفک کے مسائل کو ختم کرنے میں بھی خاطر خواہ مدد ملے گی. چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر منصوبے کو خوبصورت اور دلکش بنانے کیلئے مناسب جگہوں کی نشاندھی کرکے شجرکاری بھی کی جائے گی۔