Live Updates

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت رمضان ریلیف پیکیج کی نگران وزارتی کمیٹی کا اجلاس

پیر 25 مارچ 2024 21:21

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2024ء) صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین کی زیر صدارت رمضان ریلیف پیکج کی نگران وزارتی کمیٹی کا سول سیکرٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا،جس میں صوبائی وزراء بلال یاسین، عاشق حسین کرمانی،عظمیٰ بخاری اور متعلقہ محکموں کے سیکریٹریز نے شرکت کی۔ڈویژنل کمشنرز وڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔

اجلاس میں رمضان پیکج پر عملدرآمد، اشیاء ضروریہ کی دستیابی،قیمتوں اور مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیا گیا۔وزارتی کمیٹی نے گذشتہ تین روز میں چکن کی قیمتوں میں اضافہ پر تشویش کا اظہارکیا۔اجلاس کے دوران وزارتی کمیٹی نے مرغی کے گوشت کی قیمتوں میں کمی کے لئے فوری اقدامات کی ہدایت کی اور کہاکہ رمضان کے آخری عشرے میں پولٹری کی مارکیٹ میں سپلائی پر کڑی نظر رکھی جائے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے کہاکہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب کی تاریخ کے سب سے بڑے رمضان پیکج کی ترسیل لوگوں کی دہلیز پر کامیابی سے جاری ہے، اب تک 49 لاکھ سے زائد گھرانوں کو ان کی دہلیز پر راشن پہنچایا جاچکا ہے۔عوام کو ماہ مقدس میں معیاری اشیاء ضروریہ سستے داموں مل رہی ہیں۔ سپلائی کی صورتحال بہتر ہونے سے قیمتوں میں نمایاں کمی آئی ہے۔

چوہدری شافع حسین نے کہاکہ فوڈ اتھارٹی کے افسران کو اضلاع میں زیادہ متحرک کرنے کی ضرورت ہے۔ماڈل و رمضان بازار عوام کو ریلیف کی فراہمی کا بڑا ذریعہ ثابت ہورہے ہیں۔صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی نے کہاکہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو چکن کی قیمتوں میں کمی کا ٹاسک دیا جائے۔ صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری نے کہاکہ پنجاب کے عوام کو مناسب قیمت پر چکن کی فراہمی یقینی بنانا ضروری ہے۔اجلاس میں پرائس کنٹرول مجسٹریٹس کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس کو بریفنگ میں بتایاگیاکہ 13 رمضان المبارک تک ساڑھے 9 لاکھ انسپیکشنز کی گئیں اور 63لاکھ947خلاف ورزیاں سامنے آئیں جبکہ 2105مقدمات درج، 6136افراد گرفتار اور 7کروڑ 4لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کئے گئے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات