گرڈ سٹیشن سوہان سے منسلک مین ہول میں آتشزدگی سے مختلف فیڈرز پر بجلی کی فراہمی میں عارضی تعطل

پیر 25 مارچ 2024 22:51

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) ریجن کے 132 کے وی گرڈ سٹیشن سوہان سے منسلک انڈر گراؤنڈ مین ہول میں آتشزدگی کے باعث 11 کے وی کے مختلف فیڈرز پر بجلی کی فراہمی میں عارضی تعطل پیدا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان آئیسکو کے پیر کو جاری بیان کے مطابق متاثرہ فیڈرز میں جیل پارک ، آر سی سی 1 ، پنڈی بورڈ ، پیپسی ، ایف ایف ایچ ، زراج1، سوہان، پارک ویو، زراج 2 ،سرور شہید، ولایت کمپلیکس، ہمک، امارات، مورہ نگیال، ماڈل ٹاؤن، محبوب شہید ،مورگاہ، ڈھوک اعوان اور کار چوک شامل ہیں ۔

ترجمان کے مطابق آپریشن ٹیمیں متاثرہ فیڈرز کا لوڈ متبادل فیڈرز پر منتقل کرنے کے لیے کوشاں ہیں ، چیف ایگزیکٹیو ڈاکٹر محمد امجد بجلی بحالی کی کاروائیوں کی نگرانی کر رہے ہیں،آئیسکو انتظامیہ نے بجلی کی فراہمی میں آنے والے عارضی تعطل پر اپنے صارفین سے معذرت کی ہے۔