پاکستان میں جرمن سرمایہ کاری میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں، وزیراعظم شہباز شریف کی جرمن سفیر الفریڈ گراناس سے ملاقات میں گفتگو

پیر 25 مارچ 2024 22:53

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 مارچ2024ء) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے جرمنی کے ساتھ دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کی موجودہ سطح کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں جرمن سرمایہ کاری میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے وفاقی جمہوریہ جرمنی کے سفیر ایمبیسیڈر الفریڈ گراناس نے ملاقات کی۔

وزیر اعظم نے اپنے دوبارہ انتخاب پر جرمن چانسلر اولاف شولز کے تہنیتی پیغام کا شکریہ ادا کیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان جرمنی کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اسے یورپ میں اپنا ایک اہم شراکت دار تصور کرتا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کی موجودہ سطح کو مزید وسعت دینے کی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں جرمن سرمایہ کاری میں اضافے کے وسیع امکانات موجود ہیں۔

وزیراعظم نے تجارتی وفد پاکستان بھیجنے کے اقدام کا خیرمقدم کیا اور جرمن سفیر کو یقین دلایا کہ وفد کے دورے کی کامیابی کو یقینی بنانے کے لیے ہر طرح سے سہولت فراہم کی جائے گی۔ انہوں نے جرمن چانسلر کو جلد از جلد پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔جرمن سفیر نے کہا کہ جرمنی دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت اور سرمایہ کاری میں مضبوطی کے لیے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔