کراچی، ڈکیتی مزاحمت پر نوجوان کا قتل : لواحقین کا قاتل کی گرفتاری تک تدفین کرنے سے انکار

پیر 25 مارچ 2024 23:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 مارچ2024ء) ڈکیتی مزاحمت پر قتل ہونے والے نوجوان عبدالرحمان کے لواحقین نے قاتل کی گرفتاری تک تدفین کرنے سے انکار کردیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈاکوئوں نے ایک اورشہری کی جان لے لی، نارتھ کراچی میں چوبیس سالہ دکاندار کو مزاحمت کرنے پر ڈاکوں نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔عبدالرحمان کے قتل پر تاجروں اور علاقہ مکینوں کی جانب سے نارتھ کراچی پاور ہائوس چورنگی پر احتجاج کیا گیا، جس کے باعث کئی گھنٹے ٹریفک کی آمدورفت معطل رہی۔

لواحقین نے قاتل کی گرفتاری تک تدفین کرنے سے انکار کردیا ہے جبکہ مظاہرین نے مطالبہ کیا کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔مقتول عبدالرحمان کے بھائی نے عباسی شہید اسپتال میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قاتل گرفتار نہیں ہوئے تو میت دفن نہیں کریں گے، میرے چھوٹے بھائی کودکان میں قتل کیا گیا، بلاول بھٹو اورسندھ حکومت واقعے کانوٹس لیں۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق مسلح ڈکیت دکان سے 80 ہزار روپے چھین کر نکلے تھے، وہاں موجود عبدالرحمن نے مزاحمت کی تو ڈاکوئوں نے فائرنگ کر دی، پولیس کو وقوعہ سے نائن ایم ایم گولیوں کے چار خول ملے ہیں۔واقعے کے بعد اعلی حکام نے بلال کالونی تھانے کے ایس ایچ او شہزادہ سلیم کی تنزلی کر کے انہیں سب انسپکٹر بنا دیا۔پولیس حکام کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تحقیقات جاری ہیواضح رہے کہ رواں سال ڈاکوئوں کی فائرنگ سے جاں بحق افراد کی تعداد 44 ہو گئی ہے۔