آئی جی پنجاب کی زیر نگرانی ڈرگ فری پنجاب کا مشن تکمیل کی جانب گامزن

منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 527 ریڈز، 259 مقدمات درج، 261 ملزمان گرفتار

پیر 25 مارچ 2024 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مارچ2024ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر نگرانی ڈرگ فری پنجاب کا مشن تکمیل کی جانب گامزن ہے اور نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنے کیلئے لاہور سمیت صوبہ بھر میں پولیس کا نان سٹاپ کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ گذشتہ روز صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر پولیس ٹیموں کی527 ریڈز کیے گئے، نشہ کے مکروہ دھندے میں ملوث افراد کے خلاف 259 مقدمات درج اور 261 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

منشیات فروشوں کے قبضے سے 140 کلو گرام چرس، ڈیڑھ کلو آئس، 22 کلو افیون اور 3974 لٹر شراب برآمد ہوئی۔ترجمان پنجاب پولیس نے مزیدبتایا کہ گذشتہ چار ہفتوں کے دوران صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 6691 ریڈز کی گئیں، منشیات کے کاروبار میں ملوث ملزمان کے خلاف 3421 مقدمات درج کرتے ہوئے 3804 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ ملزمان کے قبضے سے 2807 کلو گرام چرس، 14 کلو آئس، 55 کلو ہیروئن برآمد، 149 کلو گرام افیون اور 38205 لیٹرز شراب برآمد ہوئی۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے نوجوان نسل کو نشہ کی لت سے محفوظ رکھنے کیلئے ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گردونواح میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز کئے جائیں بالخصوص ماڈرن نشہ آور فلیورڈ منشیات کی تیاری، سپلائی میں ملوث ملزمان کو قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔