آئندہ ہفتے مزید بارشوں کی پیشن گوئی

مزید بارشوں کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ نہ ہونے کا امکان

muhammad ali محمد علی پیر 25 مارچ 2024 23:57

آئندہ ہفتے مزید بارشوں کی پیشن گوئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 25 مارچ2024ء) آئندہ ہفتے مزید بارشوں کی پیشن گوئی، مزید بارشوں کے باعث گرمی کی شدت میں اضافہ نہ ہونے کا امکان۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت کئی شہروں میں گزشتہ روز اور گزشتہ ہفتے ہونے والی بارشوں کے بعد اب بھی مزید بارشوں کا امکان ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ماہرین موسمیات نے بتایا ہے کہ لاہور اور دیگر شہروں میں آئندہ ہفتے مزید بارش کا امکان ہے، جس سے گرمی کی شدت نہ بڑھنے کا امکان ہے۔

جبکہ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی کئی علاقوں میں بارش کا امکان ظاہر کر دیا۔ ملک کے بالائی علاقوں میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کے روز ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہے گا تاہم رات میں خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اورکشمیر میں چند مقا مات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

جبکہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کےبیشترعلاقوں میں موسم خشک رہا۔ اس دوران ملک میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت مٹھی، چھور 40، لسبیلہ 39، میرپور خاص، ٹنڈو جام، ٹھٹھہ اور تربت میں 38ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ یہاں واضح رہے کہ رمضان المبارک کے آغاز سے قبل ہی ماہرین موسمیات نے پیشن گوئی کی تھی کہ ماہ مبارک کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خوشگوار رہے گا۔ ماہرین موسمیات کی پیشن گوئی درست ثابت ہوئی اور ماہ مبارک کے ابتدائی 2 ہفتوں میں بارشوں اور برفباری کے باعث ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم تاحال خوشگوار ہے۔ جبکہ کچھ موسمیاتی ماڈلز کے مطابق عید الفطر تک موسم خوشگوار ہی رہنے کا امکان ہے، تاہم عید کے بعد گرمی کی شدت بڑھ سکتی ہے۔