جیلوں کو قیدیوں کی تربیت گاہ بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے، صدر ڈاکٹر خرم طارق

منگل 26 مارچ 2024 10:55

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر ڈاکٹر خرم طارق نے کہا ہے کہ جیلوں کو قیدیوں کی تربیت گاہ بنانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے۔ یہ بات انہوں نے پیر کوڈسٹرکٹ جیل کے دورے کے دوران کہی۔ انہوں نے جیل سپرنٹنڈنٹ چوہدری علی اکبر کی انتظامی صلاحیتوں کو سراہا جنہوں نے قیدیوں کیلئے بہترین انتظامات کئے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر خرم طارق نے کہا کہ فیصل آباد چیمبر اس شہر کی بزنس کمیونٹی کے تعاون سے قیدی خواتین کو ٹیکنیکل تعلیم دینے کا بندوبست کرے گا جبکہ اس سلسلہ میں ضروری سامان بھی مہیا کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مرد قیدیوں کیلئے سمارٹ ایجوکیشن سسٹم متعارف کرایا جائے گا جس میں بنیادی مضامین کے علاوہ اخلاقیات پر خصوصی توجہ دی جائے گی تاکہ رہائی کے بعد یہ قیدی معاشرہ کے مفید شہری بن سکیں۔انہوں نے کہاکہ قیدیوں کی ایسی تربیت ضروری ہے جس کے ذریعے وہ رہائی کے بعد باعزت روزگار کا سلسلہ بھی شروع کر سکیں۔ انہوں نے جیل کے مختلف شعبے دیکھے اور 30بستروں پر مشتمل ہسپتال کی کارکردگی کو سراہا جہاں محکمہ صحت کی طرف سے ڈاکٹر زکو بھی تعینات کیا گیا ہے۔