موسیقار ماسٹر عنایت حسین کو دنیا سے رخصت ہوئے 31 برس بیت گئے

ماسٹر عنایت حسین نے 26 مارچ 1993ء کو لاہور میں وفات پائی اور میانی صاحب قبرستان میں آسودہ خاک ہیں

منگل 26 مارچ 2024 10:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) پاکستان کے نامور موسیقار ماسٹر عنایت حسین کو دنیا سے رخصت ہوئے 31 برس بِیت گئے ہیں۔ماسٹر عنایت حسین نے 1916ء میں اندرونِ شہر لاہور کے موسیقار گھرانے میں آنکھ کھولی، اپنے ماموں سے موسیقی کے ابتدائی رٴْموز سیکھنے کے بعد انہوں نے استاد بڑے غلام علی خاں کی شاگردی اختیار کر لی اور پھر کم عمری میں ہی ممبئی کا رخ کیا۔

(جاری ہے)

1946ء میں ماسٹر عنایت حسین نے فلم ’’کملی‘‘ اور قیامِ پاکستان کے بعد پہلی فلم ’’ہچکولے‘‘ کی موسیقی ترتیب دی، فلم ’’گمنام‘‘کے گیتوں نے ان کو بڑا موسیقار ثابت کر دیا، ملکہ ترنٴْم میڈیم نور جہاں کو شہرت کی بلندیوں تک لے جانے میں ماسٹر عنایت حسین کی دٴْھنوں کا اہم کردار تھا۔1965ء میں بننے والی فلم نائلہ کے گانے آج بھی کانوں میں رس گھولتے ہیں، ان کی دھنوں نے انار کلی، محبوبہ، گمنام، انتقام ، عذرا، معصوم، دل میرا دھڑکن تیری، عشق پر زور نہیں، دیور بھابھی اور مولا جٹ جیسی فلموں کو لازوال بنا دیا۔

فلم نائلہ اور جادو کے نغمات کی موسیقی ترتیب دینے پر ماسٹر عنایت حسین کو نگار اور دیگر ایوارڈ بھی عطا کیے گئے، ماسٹر عنایت حسین نے 26 مارچ 1993ء کو لاہور میں وفات پائی اور میانی صاحب قبرستان میں آسودہ خاک ہیں۔