پتنگ بازی کے خلاف کارروائیاں، 1285 مقدمات درج، 1330ملزمان گرفتار

حافظ آباد اور پتوکی میں بھی پولیس کے چھاپے، متعدد افراد گرفتار، پتنگیں اور ڈور برآمد

منگل 26 مارچ 2024 12:51

پتنگ بازی کے خلاف کارروائیاں، 1285 مقدمات درج، 1330ملزمان گرفتار
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر لاہور پولیس کاشہر بھر میں پتنگ بازی کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔اس ضمن میں رواں ماہ میں پتنگ بازی کے خلاف مختلف کارروائیوں میں1285مقدمات درج کر کی1330ملزمان کی گرفتاری عمل میں لائی گئی ہے۔ترجمان لاہور پولیس نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں 1223پتنگ باز، 95پتنگ فروش جبکہ 12پتنگ ساز شامل ہیں۔

ملزمان کے قبضہ سی19ہزار700 سے زائد پتنگیں اور1116چرخیاں برآمدکی گئیں۔ سٹی ڈویژن میں پتنگ بازی کی308ملزمان، کینٹ میں 296، سول لائنز میں 108، صدر میں 214، اقبال ٹاؤن میں 157اور ماڈل ٹاؤن میں 247ملزمان گرفتار کیا گیا ہے۔اس حوالے سے کیپٹل سٹی پولیس آفیسربلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ پتنگ بازی کے خونی کھیل کی کسی صورت اجازت نہیں دی جا سکتی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کائٹ فلائنگ ایکٹ کے تحت پتنگ بازی کے خونی کاروبارمیں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی جاری ہے جس کے تحت قاتل ڈور اور پتنگوں کی تیاری، خریدوفروخت اور استعمال میں ملوث قانون شکن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں۔سی سی پی او نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پتنگ سازی کے اڈوں اور سپلائی چین توڑنے کیلئے مؤثر اقدامات کے ساتھ ساتھ پتنگ بازی کے آن لائن کاروبارمیں ملوث ملزمان کی گرفتاری کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ کائٹ فلائنگ ایک جان لیوا شوق ہے،والدین اپنے بچوں کواس خونی کھیل سے روکیں۔حافظ آباد میں پولیس نے پتنگ فروشوں اور پتنگ بازوں کے خلاف آپریشن کیا، اور مختلف علاقوں میں 90 سے زائد مقدمات درج کرلیے۔پولیس نے متعدد پتنگ فروش اور پتنگ باز گرفتار کرلیے ہیں۔ ملزمان سے سیکڑوں پتنگیں، ڈور کی چرخیاں اور دیگر سامان برآمد کرلیے۔دوسری طرف پتوکی میں پولیس نے پتنگیں اور کیمیکل ڈور بنانے والے کارخانے پر چھاپہ مار کر چھاپے کے دوران سیکڑوں کی تعداد میں پتنگیں اور دیگر سامان برآمد کرلیں۔