سولڈ ویسٹ اور ٹی ایم سیز کے ہندواسٹاف کو ہولی پر تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر ملازمین کا سولڈ ویسٹ ہیڈآفس پر بھرپوراحتجاج

منگل 26 مارچ 2024 17:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) میونسپل ورکرز ٹریڈ یونینز الائنس کی جانب سے صدر سیدذوالفقارشاہ جنرل سیکریٹری گل اسلام،جاوید بلوچ اورالیاس سندھو کی قیادت میں سولڈ ویسٹ اور ٹی ایم سیز کے ہندو ملازمین کو ہولی کے موقع پر تنخواہوں اور 25 فیصد اضافی الاؤنس کی عدم ادائیگی کے خلاف سولڈ ویسٹ منیجمنٹ بورڈ کے ہیڈ آفس کا گھیراؤ کیا۔

مین داخلی راستے پر دھرنا دیا،پھر سولڈ ویسٹ دفاتر کا چکر کاٹ کر زبردست نعرے بازی کرتے ہوئے ایم ڈی سولڈ ویسٹ کے دفتر پر دھرنا دے دیا۔ اس موقع پر ایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشن طارق نظامانی،سیکریٹری سولڈ ویسٹ مبین شیخ،پے انچارج عدنان شیخ،ایڈمن انچارج غلام مصطفی شیخ نے دھرنے میں آکر قائدین سے مذاکرات کیے۔

(جاری ہے)

انہیں بتایا کہ اوذیڈ ٹی گرانٹ کے عدم اجرا کے باعث ہندو ملازمین کو تنخواہیں ادا نہیں کی جاسکی ہیں جبکہ چائنیز کمپنی کی تین ماہ سے بلنگ نہ ہونے کے باعث 25 فیصد اضافی الاؤنس کی ادائیگی کے لیے فنڈ موجود نہیں ہے۔

ایم ڈی صاحب آج بھی اس سلسلے میں سیکریٹریٹ میں میٹنگ میں ہیں۔کوشش کی جارہی ہے کہ ایسٹر سے قبل تنخواہ اور کم ازکم ایک ماہ کا 25فیصدالاؤنس ادا کردیا جائے۔ اور کل ایم ڈی صاحب سے قائدین کی میٹنگ کا بندوبسٹ کردیاجائے۔انتظامیہ کی یقین دہانی کے بعددھرنا ختم کرکے احتجاج موخر کردیا گیا۔اس موقع پر قائدین نے اعلان کیا کہ ایسٹر پر تنخواہوں کی ادائیگی نہ ہونے پر پیر یکم اپریل سے کام بندکردیا جائے گا۔