پنجاب بھر میں 1152ٹریفک حادثات ، 10افراد جاں بحق1243زخمی ہوئے

منگل 26 مارچ 2024 19:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) ایمرجنسی سروسزڈیپارٹمنٹ نے گذ شتہ 24گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1152ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جن میں579افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی و تحصیل کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔664معمولی زخمی لوگوں کو ریسکیومیڈیکل ٹیموں کے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی وجہ سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔

ان حادثات میں زیادہ تر تعداد (77فیصد)موٹر سائیکلز حادثات کی ہے اس لیے وقت کی ضرورت ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرتے ہوئے لائن اور لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھیں۔ ایمرجنسی ا عداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان ٹریفک حادثات میں662ڈرائیوز،46کم عمرڈرائیور، 421مسافراور170پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔

(جاری ہے)

اعدادو شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ310ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹر ول روم میں موصول ہوئیں جس میں صوبائی درالحکومت338متاثرین کے ساتھ پہلے فیصل آباد 82حادثات میں90متاثرین کے ساتھ دوسر ے،گوجرانوالہ 68حادثات میں64متاثرین کے سا تھ تیسرے نمبرپررہا۔ واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے کل1253متاثرین میں 1014مرد اور239خواتین شامل ہیں جبکہ زخمی ہونیوالوں میں 176افراد کی اوسط عمر18سال سے کم683افراد کی اوسط عمر 18سے 40سال کے درمیان جبکہ394زخمی افراد کی اوسط عمر 40سال سے زائد ہے۔ان ٹریفک حادثات کے بیشتر واقعات میں1010موٹرسائیکلز،61آٹورکشے،103کاریں،26وین03مسافر بسیں،25ٹرک اور86دوسری اقسام کی گاڑیاں شامل ہیں۔