oسپیکر پنجاب اسمبلی سے ترکیہ کے سفیر کی وفد سمیت ملاقات

ٴْباہمی دلچسپی ملکی صورتحال اور پارلیمنٹ کی بالادستی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا

منگل 26 مارچ 2024 19:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 مارچ2024ء) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان سے ترکیہ کے سفیر ڈاکٹر مہمت پاچاجی Dr.) Mehmet Paؒaci) کی وفد سمیت اسمبلی چیمبر میں ملاقات کی۔ وفد میں کونسل جنرل درمش پاش طو، نور الدین ٹریڈ کونسلر، غضنفر محمود ڈائریکٹر ٹو ایمبیسیڈر موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی ملکی صورتحال اور پارلیمنٹ کی بالادستی سمیت دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر سپیکر ملک محمد احمد خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارلیمانی وفود کے تبادلوں سے پاکستان اور ترکیہ کے مابین دہائیوں سے قائم دوستی اور محبت کے رشتے مزید مضبوط ہونگے، پارلیمانی وفود کے تبادلے، معاشی تعاون اور عوامی سطح پر رابطوں سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری، تعلیم اور ثقافت سمیت مختلف شعبوں میں مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

سپیکر ملک محمد احمد خان نے کہا کہ ترکیہ اور پاکستان کو مختلف شعبوں میں ترقی کے لئے باہمی تعاون کرنا چاہیے، پاکستان اور ترکیہ مشترکہ مذہبی اور ثقافتی روایات کے تاریخی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ترکیہ کے کاروباری حضرات کیلئے پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں، دونوں ممالک ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے ہیں۔

سپیکر ملک محمد احمد خان نے ترکیہ میں المناک زلزلے کے بعد ترکیہ کی تعمیر نو کی کوششوں کو سراہا۔ ڈاکٹر مہمت پاچاجی نے ملک محمد احمد خان کو سپیکر پنجاب اسمبلی منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور کہا کہ پاکستان کے تمام شعبہ ہائے زندگی میں ہونے والی ترقی اور اصلاحات کوترکیہ انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ سپیکر ملک محمد احمد خان نے ڈاکٹر مہمت پاچاجی کو اسمبلی بلڈنگ کی تصویر اور تحائف پیش کیے۔ اس موقع پر اسمبلی سیکرٹر یٹ سے ایڈیشنل سیکرٹری ملک خلیل احمد، سٹاف آفیسرعماد حسین بھلی اور ترجمان پنجاب اسمبلی راؤ ماجد علی بھی موجود تھے۔