Live Updates

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے ٹرینی سب انسپکٹر یاسر نصیب کی ملاقات

منگل 26 مارچ 2024 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2024ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز سے ٹرینی سب انسپکٹر یاسر نصیب نے ملاقات کی، سی سی پی او بھی موجود تھے۔وزیراعلی نے ایم پی اے کے سلوک پرٹرینی سب انسپکٹر یاسر نصیب سے ندامت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اس واقعہ پر بہت شرمندہ ہوں۔ وزیراعلی مریم نواز نے ٹرینی سب انسپکٹر یاسر نصیب سے پورا واقعہ سنا۔

ٹرینی سب انسپکٹر یاسر نصیب نے کہا کہ روٹین کا گشت کررہے تھے، دو گاڑیاں گزر رہی تھیں ان کو روک کر چیک کیا۔باغبانپورہ کے علاقے شادی پورہ میں گاڑی کے سیاہ شیشے دیکھ کر روک کر چیک کیا۔ایم پی اے نے اتر کر کہاکہ میں اس علاقے کاایم پی اے ہوں، آپ نے چیک کیوں کیاہے۔میں نے ایم پی اے کو بتایا کہ میری ڈیوٹی ہے، میں نے اپنی ڈیوٹی کی ہے، کوئی بری بات نہیں۔

(جاری ہے)

ایم پی ا ے نے کہاکہ میرے علاقے میں مجھے روک کر چیک کرنے سے میری عزت نفس مجروح ہوئی ہے۔ایم پی اے نے مجھ سے سر عام معافی مانگنے کا مطالبہ کیا۔وزیراعلی مریم نوازنے کہاکہ یاسر آئندہ آپ نے اپنی ڈیوٹی کرنی ہے،آپ نے کسی سے نہیں ڈرنا۔ذمہ داری پوری کرنے پر کبھی کسی سے معافی نہیں مانگنی۔ آپ کاکام یہی ہے اور آپ نے اپنا کام اچھے طریقے سے کرنا ہے۔

ایم پی اے ہو، ایم این اے ہو، یا چیف منسٹر ہو قانون سے بڑا کوئی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے بالکل ٹھیک کیا اس بات پر دل چھوٹا نہ کریں۔ میں نے اپنے ایم پی اے کو شوکاز نوٹس دیاہے۔ ذمہ داری کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیں۔ وزیراعلی نے ٹرینی سب انسپکٹر یاسر نصیب کی ٹرانسفر کے بارے میں سی سی پی او سے استفسار کیا۔وزیراعلی نے کہاکہ اس قسم کا کوئی واقعہ ہو تو مجھ سے پوچھے بغیر کوئی ایکشن نہیں لینا۔

ایم پی اے کو شکایت تھی تو اسے میرے پاس آنا چاہیے تھا، انکوائری کے بعد ہم ایکشن لیتے۔کوئی بھی قانون سے بالا تر نہیں۔ ہم سب کو قانون کا زیادہ احترام کرنا چاہیے تاکہ باقی لوگوں کے لئے مثال بنیں۔ انہوں نے یاسر نصیب کو تلقین کی کہ اپنی ڈیوٹی اسی طرح کرنی ہے، کسی کوتنگ نہیں کرنا،نا انصافی نہیں کرنی۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات