صدر مملکت کا صوبائی حکومتوں پر یتیم بچوں کی تعلیم کیلئے خصوصی اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور

یتیم بچوں کی کفالت ،تعلیم و تربیت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ،نگہداشت کے کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جائے،آصف زرداری

منگل 26 مارچ 2024 20:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) صدر آصف زرداری نے صوبائی حکومتوں پر یتیم بچوں کی تعلیم کیلئے خصوصی اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ایوان صدر میں صدر آصف زرداری نے او آئی سی کے یوم یتامی کے موقع پر بچوں کیلئے افطار ڈنر کا اہتمام کیا جس میں ملک کے مختلف شہروں سے آئے یتیم بچوں نے شرکت کی، صدر مملکت نے صوبائی حکومتوں پر یتیم بچوں کی تعلیم کیلئے خصوصی اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت اور نگہداشت کے کار خیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا جائے، پھول جیسے بچوں سے مل کر بہت خوشی ہوئی، یتیم بچوں کی کفالت اور تعلیم و تربیت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

تقریب سے پاکستان آرفن کیئر فورم کے چیئرمین ایئر مارشل ریٹائرڈ فاروق حبیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان آرفن کیئر فورم یتیم بچوں کی بہترین پرورش اور نگہداشت کیلئے کام کر رہا ہے، صحت مند معاشرے کمزور طبقات بالخصوص یتیم بچوں کا خیال رکھتے ہیں، ملک میں 46 لاکھ کے قریب یتیم بچے ہیں، ایوانِ صدر میں بچوں کو مدعو کرنے سے انکے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔تقریب میں آصفہ بھٹو زرداری بھی موجود تھیںجنہوں نے یتیم بچوں سے ملاقات کی۔