Live Updates

مریم نواز کی ہدایت، منشیات کے تدارک کیلئے پنجاب پولیس کی مہم تیزی سے جاری

گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 474 ریڈز کیے گئے منشیات کی سپلائی چین میں ملوث ملزمان کے خلاف 249 مقدمات درج، 248 ملزمان گرفتار‘ ترجمان پنجاب پولیس

منگل 26 مارچ 2024 21:05

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پر منشیات کے تدارک کیلئے پنجاب پولیس کی مہم تیزی سے جاری ہے ۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کی زیر قیادت آر پی اوزاور ڈی پی اوز پنجاب کو ڈرگ فری صوبہ بنانے کیلئے مصروف عمل ہیں۔ جس کے تسلسل میں گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 474 ریڈز کیے گئے۔

ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ منشیات کی سپلائی چین میں ملوث ملزمان کے خلاف 249 مقدمات درج کرتے ہوئے 248 ملزمان گرفتار کر کے ملزمان کے قبضے سے 140 کلوگرام چرس، 02 کلو ہیروئن،01 کلو افیون ،307 گرام آئس اور 2670 لٹر شراب بھی برآمد ہوئی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے مزید بتایا کہ ایک ماہ کے دوران صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانے پر 7165 ریڈز کیے گئے،منشیات کے بڑے سوداگروں کے خلاف 3669 مقدمات درج، 4053 ملزمان گرفتار،ملزمان کے قبضے سے 2947 کلوگرام چرس، 15 کلو آئس، 58 کلو ہیروئن، 152 کلو گرام افیون اور 40875 لٹر شراب بھی برآمد کی گئی۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے اے این ایف کے ساتھ کلوز کوارڈینیشن سے انسداد منشیات آپریشنز میں مزید تیزی لانے کے احکامات جاری کیے ہیں اور انھوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں اور ہاسٹلز کے گردونواح میں سپلائی دینے والے سفاک ملزمان کے نیٹ ورکس کا مستقل خاتمہ یقینی بنایا جائے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات