Live Updates

یوتھ ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن ، انسانی حقوق و اقلیتی امور کے باہمی اشتراک سے لاہور کے مقامی ہوٹل میں جامع گورننس سمٹ 2024 کا انعقاد

منگل 26 مارچ 2024 21:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2024ء) یوتھ ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن اور انسانی حقوق اور اقلیتی امور کے باہمی اشتراک سے لاہور کے مقامی ہوٹل میں جامع گورننس سمٹ 2024 کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں صوبائی وزیر انسانی حقوق خلیل طاہر سندھو نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی جبکہ سیکرٹری علی بہادر قاضی، سابق سیکرٹری ڈاکٹر شعیب اکبر اور لوکل گورنمنٹ کے خصوصی سیکرٹری نے سمٹ میں بطور اعزازی مہمان خصوصی شرکت کی۔

ایگزیکٹو ڈائریکٹر یوتھ ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن کنوینر شاہد رحمت نے اپنے خطبہ استقبالیہ میں کانفرنس کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یوتھ ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن جسے نیشنل اینڈومنٹ فار ڈیموکریسی کی حمایت حاصل ہے، شمولیتی طرز حکمرانی کو مضبوط بنانے کے لیے اپنے کامیاب پروگرام کو بڑھا رہی ہے،ہماری توجہ لاہور اور فیصل آباد کی 16 یونین کونسلزمیں نوجوانوں، خواتین اور اقلیتوں سمیت اقلیتی شہری ایجنٹوں کو بااختیار بنانے پر مرکوز ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید بتایا کہ یوتھ ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن نے 16یونین کونسلز میں 60 اقلیتی شہری ایجنٹوں کو بااختیار بنایا، انہیں مقامی گورننس اور کمیونٹی کی تشخیص کی تازہ ترین مہارتوں سے آراستہ کیا اور اس کے لیے مختلف موزوں ورکشاپس وغیرہ کا انعقاد کیا گیا ۔صوبائی وزیر انسانی حقوق و پارلیمانی امور خلیل طاہر سندھو نے اپنے خطاب میں کہاکہ پنجاب کی پہلی اِنکلوسیو گورننس سمٹ 2024 کے انعقاد کا بنیادی مقصد اقلیتوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو گورننگ سسٹم میں شامل کرنا ہے۔

خلیل طاہر سندھو نے کہا کہ میری خصوصی درخواست پر ایسٹر کے تہوار کی گزٹیڈ چھٹی کے نوٹیفکیشن کے لئے وزیر اعلی پنجاب کے تہہ دل سے شکر گزار ہیں تاہم ایسٹر کے تہوار پر گزیٹڈ چھٹی بروز پیر ہو گی۔اقلیتوں کے سماجی و مذہبی حقوق کا مکمل تحفظ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ خلیل طاہر سندھو نے مزید کہا کہ پاکستان کے تمام اداروں میں اقلیتوں کے ساتھ برتائو بہتر بنانے کیلئے ان کی کونسلنگ کرنے کی ضرورت ہے جبکہ بہتری کی گنجائش ہمیشہ موجود ہوتی ہے، اس حوالے سے ہمیں بہت کام کرنا ہے۔

ایم پی اے راحیلہ خادم حسین، فالبوس کرسٹوفر، سونیا عاشر، اعجاز عالم آگسٹین اور شکیلہ جاوید نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے یوتھ ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن کی کاوشوں کو سراہا اور مستقبل میں بھی ایسے پروگرام جاری رکھنے پر زور دیا۔ شعیب اکبر سابق سیکرٹری HR&MA، کرسٹن کے ہاکنز امریکی قونصل جنرل، علی بہادر قاضی سیکرٹری انسانی حقوق اور اقلیتی امور کے محکمہ اور ایم ڈی واسا نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور کمیونٹیز کے مقامی مسائل پر زور دیا۔

سمٹ میں مختلف مشاورتی اجلاسوں کا انعقاد کیا گیا،جس میں اقلیتوں کے مشترکہ مسائل اور ان کے حل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ عروج جہانگیر پروگرام منیجر اقلیتی شہری ایجنٹس پروگرام شاہد رحمت یوتھ ڈویلپمنٹ فاؤنڈیشن ، ماڈریٹر سید علی رضا شاہ پبلک سیکٹر ریفارمز ایکسپرٹ، شہزاد اکرم ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ، راشد ظہور جنرل مینجر لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی ، عدنان مجید ڈپٹی ڈائریکٹر نیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی، محبوب قادر شاہ چیف انفارمیشن کمشنر آر ٹی آئی، ماڈریٹر سلمان عابد پبلک پالیسی ایڈوائزر، ایگزیکٹیو ڈائریکٹر آئیڈیا اور ماڈریٹر محمد یوسف، ڈائریکٹر شعبہ بین المذاہب ہم آہنگی، پنجاب نے مختلف پینلز/ مباحثوں میں حصہ لیا اور مختلف حل تجویز کیے جبکہ مختلف این جی اوز کے نمائندوں نے برگد سے صبیحہ شاہین،ایس پی او سے شاہنواز خان،ایچ ایف اوسے ساجد کرسٹوفر، چینج سے ممتاز حسین نے بھی پینل مباحثوں میں حصہ لیا۔

تمام شرکا نے صفائی کو نصف ایمان سمجھ کر حصہ لینے کا وعدہ کیا اور ہر شہری پر زور دیا کہ وہ اپنا فرض ادا کرے کیونکہ کوئی بھی ادارہ تنہا کامیابی کی طرف نہیں بڑھ سکتا۔ سمٹ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے گلباز خان کنسلٹنٹ پروگرام نے کہا کہ آج کی تقریب کا مقصد آٹھ یونین کونسلوں میں کام کرنے کے لیے گورننس فورم بنانا تھا جبکہ تمام ممبران مسائل کے حل کے لیے آج ایکشن پلان بنائیں گے۔

مسائل کے حل کی کوششیں کی جائیں گی اور خدمات کی فراہمی کے مسائل کو حل کرنے اور ایک موثر رابطہ کاری کا فریم ورک قائم کرنے کے لیے ایک جامع ایکشن پلان مرتب کیا جائے گا۔ سمٹ میں انسانی حقوق کے نمائندہ محکمہ، سرکاری حکام، سول سوسائٹی کی تنظیموں کے نمائندوں، اقلیتی حقوق کے علمبرداروں اور اقوام متحدہ کے نسلی اقلیتی شہریوں کے نمائندوں نے شرکت کی جبکہ سمٹ کے اختتام پر پینلسٹ اور مہمانان خصوصی میں تعریفی اسناد اور یادگاری شیلڈز تقسیم کی گئیں۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات