صدر مملکت کاصوبائی حکومتوں پر یتیم بچوں کی پرائمری و سیکنڈری تعلیم کیلئے خصوصی اقدامات لینے پر زور

منگل 26 مارچ 2024 22:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) صدر مملکت آصف علی زرداری نے صوبائی حکومتوں پر یتیم بچوں کی پرائمری اور سیکنڈری تعلیم کیلئے خصوصی اقدامات لینے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت اور نگہداشت کے ارخیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔ صدر مملکت نے 15 رمضان المبارک اسلامی تعاون تنظیم کے یوم یتامی کے موقع پر بچوں کیلئے ایوان صدر میں افطار ڈنر کا اہتمام کیا۔

افطار ڈنر کی تقریب میں ملک کے مختلف شہروں سے آئے یتیم بچوں نے شرکت کی۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر مملکت نے صوبائی حکومتوں پر یتیم بچوں کی پرائمری اور سیکنڈری تعلیم کیلئے خصوصی اقدامات لینے پر زور دیا اور کہا کہ یتیم بچوں کی تعلیم و تربیت اور نگہداشت کے ارخیر میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ پھول جیسے بچوں سے مل کر بہت خوشی ہوئی،یتیم بچوں کی کفالت اور تعلیم و تربیت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

تقریب میں آصفہ بھٹو زرداری بھی موجود تھیں۔انہوں نے پاکستان کے مختلف شہروں سے آئے یتیم بچوں سے ملاقات بھی کی۔ تقریب سے پاکستان آرفن کیئر فورم کے چیئرمین ائیر مارشل (ر)فاروق حبیب نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آرفن کیئر فورم یتیم بچوں کی بہترین پرورش اور نگہداشت کیلئے کام کر رہا ہے ، صحت مند معاشرے کمزور طبقات بالخصوص یتیم بچوں کی نشوونما اور تعلیم و تربیت کا خیال رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں 46لاکھ کے قریب یتیم بچے ہیں، ایوان صدر میں بچوں کو مدعو کرنے سے ان کے اعتماد میں اضافہ ہوگا اور حوصلہ افزائی ہوگی۔