پاکستانی حکومت بشام میں دہشتگردی کے گھنائونے فعل کی شدید مذمت کرتی ہے، دفترخارجہ

پاکستانی عوام اور حکومت مشکل کی گھڑی میں اپنے چینی دوستوں کیساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں ،ترجمان

منگل 26 مارچ 2024 22:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مارچ2024ء) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر بشام کے قریب دہشت گردانہ حملے میں پانچ چینی اور ایک پاکستانی شہری ہلاک ہوگئے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے منگل کو یہاں جاری بیان میں کہا کہ حکومت پاکستان دہشت گردی کے اس گھنائونے فعل کی شدید مذمت کرتی ہے،ہم دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے۔

بیان میں کہا گیا کہ اس طرح کی گھنائونی کارروائیاں دہشت گردی کی لعنت کے خلاف لڑنے کے پاکستانی قوم کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں۔ بیان کے مطابق حملے کی منصوبہ بندی پاک چین دوستی کے دشمنوں نے کی،ہم ایسی تمام قوتوں کے خلاف پورے عزم کے ساتھ کارروائی کریں گے اور انہیں شکست دیں گے۔

(جاری ہے)

بیان کے مطابق پاکستان کے عوام اور حکومت مشکل کی اس گھڑی میں اپنے چینی دوستوں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں اور حملے میں ہلاک ہونے والے چینی شہریوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔

دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہاکہ پاکستان اور چین قریبی دوست اور آہنی بھائی ہیں، پاکستان میں چینی شہریوں کی زندگی اور حفاظت انتہائی اہمیت کی حامل ہے، پاکستان میں چینی شہریوں، منصوبوں اور اداروں کے تحفظ کو یقینی بنانے کیلئے پاکستان اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔