اسلام آباد پولیس شہریوں کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل ہے، شہری ناکہ جات پر تعینات جوانوں کے ساتھ تعاون کریں، ڈاکٹر اکبر ناصر خان

منگل 26 مارچ 2024 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 مارچ2024ء) آئی سی سی پی او ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے رمضان المبارک میں شہریوں کے نام اہم پیغام میں کہا ہے کہ اسلام آباد پولیس کے ٹریفک، امن عامہ، سیف سٹی، ناکہ جات پر تعینات جوان اپنے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پولیس جوانوں کا کام شہریوں کی جان و مال کا تحفظ، شہر کو محفوظ بنانا اور امن عامہ کو برقرار رکھنا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر اکبر ناصر خان نے کہا کہ شہریوں سے گزارش ہے کہ وہ دوران چیکنگ جوانوں کے ساتھ تعاون کریں اور ٹریفک اشاروں پر بے صبری کا مظاہرہ نہ کریں تاکہ آپ کی اور دوسروں کی زندگیاں محفوظ رہیں۔انہوں نے کہا کہ پیشہ ور بھکاریوں کی حوصلہ شکنی کریں اور اپنے صدقات خیرات صرف ضرورت مند لوگوں کو دیں۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس آپ کی حفاظت کے لئے ہمہ وقت مصروف عمل ہے۔