ترجمان دفتر خارجہ کی بشام میں چینی باشندوں پر دہشتگردوں کا حملہ کی شدید الفاظ میں مذمت

دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے،ترجمان

بدھ 27 مارچ 2024 03:10

Zاسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2024ء) بشام میں چینی باشندوں پر دہشتگردوں کا حملہ کی ترجمان دفتر خارجہ نے شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ خیبر پختونخوا کے شہر بیشام کے قریب دہشت گردانہ حملے میں 5 چینی اور ایک پاکستانی شہری جاں بحق ہوگئے، حکومت پاکستان دہشت گردی کے اس گھناؤنے فعل کی شدید مذمت کرتی ہے، ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں کہاکہ ہم دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کریں گے، ایسی گھناؤنی کارروائیاں پاکستانی قوم کے دہشت گردی کی لعنت کے خلاف لڑنے کے عزم کو کمزور نہیں کر سکتیں،آج کے حملے کی منصوبہ بندی پاک چین دوستی کے دشمنوں نے کی تھی۔

ہم ایسی تمام قوتوں کے خلاف پوری عزم کے ساتھ کارروائی کریں گے اور انہیں شکست دیں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان کے عوام اور حکومت مشکل کی اس گھڑی میں چینی دوستوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔حملے میں ہلاک ہونے والے چینی شہریوں کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کرتے ہیں۔پاکستان اور چین قریبی دوست اور آہنی بھائی ہیں۔پاکستان میں چینی شہریوں کی زندگی اور حفاظت انتہائی اہمیت کی حامل ہے۔پاکستان میں چینی شہریوں، منصوبہ جات کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان اپنے چینی بھائیوں کے ساتھ مل کر کام کرتا رہے گا۔