Live Updates

پنجاب میں نارکوٹکس کنٹرول کیلئے 3 پولیس اسٹیشنز بنانے کی منظوری

لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے ، گھروں پر ٹیکس کو معقول بنانے کی ضرورت ہے‘ وزیراعلیٰ کی زیر صدارت محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا اجلاس

بدھ 27 مارچ 2024 12:45

پنجاب میں نارکوٹکس کنٹرول کیلئے 3 پولیس اسٹیشنز بنانے کی منظوری
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے نارکوٹکس کنٹرول کیلئے تین پولیس اسٹیشنز بنانے کی منظوری دیدی۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت محکمہ ایکسائز ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول کا جائزہ اجلاس ہوا جس میں سابق سینیٹر پرویز رشید، ایم پی اے ثانیہ عاشق، چیف سیکرٹری پنجاب، سیکرٹری خزانہ و ایکسائز سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں اینٹی نارکوٹکس کیلئے نیا محکمہ بنانے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا جبکہ وزیراعلی پنجاب نے موٹر وہیکلز کی رجسٹریشن پلیٹس کا بیک لاگ ختم کرنے کی ہدایت کردی۔مریم نواز نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ان لوگوں کو ٹیکس نیٹ میں لایا جائے جو ٹیکس نیٹ میں نہیں ہیں، گھروں پر ٹیکس کو معقول بنانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی پنجاب نے رینٹل ویلیو اور ڈی سی ریٹ کے مطابق ٹیکس میں فرق پر رپورٹ بنانے کی ہدایت بھی کی۔

اجلاس میں ٹیکس کنسلٹنسی یونٹ قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی جبکہ صوبے میں اشیا ء اور منشیات کی سمگلنگ روکنے کیلئے 13 ایکسائز چیک پوسٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ گاڑیوں کی ای رجسٹریشن کیلئے ای ٹائٹل ڈاکومنٹ کا آغاز ہونے سے 12.5 فیصد ٹیکس کولیکشن میں اضافہ ہوا۔وزیراعلی کی زیر صدارت اجلاس میں افیون فیکٹری کی بحالی کا جائزہ بھی لیا گیا، اس دوران بتایا گیا کہ افیون فیکٹری کی بحالی سے فارماسیوٹیکل کے شعبے میں 900 ملین روپے کا فائدہ ہو گا۔مریم نواز کو بریفنگ دی گئی ہے کہ ایکسائز ڈیپارٹمنٹ دستک پروگرام کے ذریعے سروسز فراہم کرے گا، ایکسائز ڈیپارٹمنٹ سیف سٹی اتھارٹی کے ساتھ چالان کی ریکوری کیلئے کام کرے گا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات