درخت نہ صرف آلودگی سے پاک ماحول فراہم کرتے ہیں بلکہ یہ انسانی صحت کیلئے انتہائی ناگزیر ہیں، سیکر ٹری ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد

بدھ 27 مارچ 2024 16:00

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) سیکرٹری بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد ڈاکٹر حبیب الرحمن نے کہا ہے کہ درخت نہ صرف آلودگی سے پاک ماحول فراہم کرتے ہیں بلکہ یہ انسانی صحت کیلئے انتہائی ناگزیر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈویژنل کمشنر و چیئرپرسن تعلیمی بورڈ فیصل آباد سلوت سعید کی ہدایت پر ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد کے لان میں پودا لگا کر شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر محمد جعفر علی، پی آراو بورڈ رضوان احمد جوئیہ اور پی اے ٹو سیکرٹری رانا جمشید علی نے بھی پودا لگایا۔ ڈاکٹر حبیب الرحمن نے کہا کہ درختوں کی افادیت و اہمیت سے کسی بھی طرح انکار ممکن نہیں کیونکہ یہ مختلف بیماریوں سے بھی محفوظ رکھنے کا باعث بنتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سب سے بڑی بات یہ ہے کہ درخت لگانا صدقہ جاریہ اور سنت نبویؐ ہے اگر ہم سنت نبویؐ سمجھ کر پودا یا درخت لگائیں گے تو امید واثق ہے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں دوہرے اجرو ثواب سے مستفید فرمائیں گے۔

انہوں نے حکومت پنجاب کے ”ستھرا پنجاب“ پروگرام کو مستحسن قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس پروگرام کے دوررس نتائج برآمد ہوں گے کیونکہ جب شہروں اور دیہاتوں سے کوڑے کرکٹ و گندگی وغلاظت کے ڈھیر ختم اور ان کی جگہ پھل و پھولدار پودے لیں گے تو یقینا ماحولیاتی آلودگی سمیت سانس و گلے کی بیماریوں جیسے مسائل کا خاتمہ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ تعلیمی بورڈ فیصل آباد میں درخت اور پودے لگانے پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے یہی وجہ ہے کہ رنگ برنگے کھلے ہوئے پھولوں سے جہاں فضا مسحورکن اور معطر ہے وہاں خوبصورتی کوبھی چار چاند لگے نظر آ رہے ہیں۔

شجرکاری مہم کی افتتاحی تقریب میں رانا خالد محمود خاں، چوہدری صفدر حسین جٹ، رانا خالد بشیر‘مقبول احمد شا ہدکے علاوہ دیگر بورڈ افسران و ملازمین نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔