Live Updates

قیدیوں کو کس ارینجمنٹ کے تحت اڈیالہ جیل میں رکھا گیا چیف کمشنر اسلام آباد سے دوبارہ رپورٹ طلب

بدھ 27 مارچ 2024 16:06

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) اسلام آباد ہائی کورٹ نے میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی وکلا سے جیل میں ملاقات کروانے کی درخواست پر سماعت کرتے ہوئے کہاہے کہ اسلام آباد کے قیدیوں کو کس ارینجمنٹ کے تحت اڈیالہ جیل میں رکھا گیا ہی چیف کمشنر اسلام آباد دوبارہ رپورٹ جمع کروائیں۔اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے کیس کی سماعت کی، سماعت کے دوران سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر بانی پی ٹی آئی عمران خان اڈیالہ جیل میں کتنے مقدمات میں قید ہیں کے حوالے سے رپورٹ جمع کروا دی۔

جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ اسلام آباد کے قیدیوں کو کس ارینجمنٹ کے تحت اڈیالہ جیل میں رکھا جاتا ہی کچھ تو ہو گا کوئی نوٹیفکیشن ہوگا، وہ عدالت کے سامنے رکھیں گے،شیرافضل مروت نے کہا کہ وزارت داخلہ نے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا کہ جیل میں کوئی ملاقات نہیں ہو سکتی، اس پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ وہ نوٹیفکیشن تو اب ختم ہو چکا ہے نا وکیل شیرافضل مروت نے بتایا کہ وہ تو انہوں نے اپنی ضد پوری کرلی ہے۔

(جاری ہے)

جسٹس ارباب محمد طاہر نے کہا کہ عدالت اسلام آباد کے قیدیوں سے متعلق یہ معاملہ ایک ہی بار طے کرے گی، اس طرح تو ہم بیٹھ کر صرف یہی کیسز سنتے رہیں گے، عدالت نے اسلام آباد کے قیدیوں کی حد تک ارینجمنٹ کا ریکارڈ طلب کر لیا ہے،کوئی تھریٹ ہوگا ہم تو اس کا تعین نہیں کر سکتے، اسے وزارت داخلہ نے دیکھنا ہے، شیر افضل صاحب آپ نے بھی جیل انتظامیہ سے تعاون کرنا ہے۔

اس موقع پر پنجاب کے سرکاری وکیل نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی اٹک جیل میں تھے تو ایسا مسئلہ نہیں آ رہا تھا۔عدالت نے ریمارکس دیے کہ اسلام آباد کے قیدیوں کو کس ارینجمنٹ کے تحت اڈیالہ جیل میں رکھا گیا ہی چیف کمشنر دوبارہ رپورٹ جمع کروائیں۔اس پر چیف کمشنر اسلام آباد کے وکیل نے جواب جمع کرانے کے لیے وقت مانگ لیا، انہوں نے مؤقف اپنایا یہ معاملہ بہت پرانا ہے، لیٹر تلاش کرنے کے لیے مزید وقت دیا جائے۔بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت عید کے بعد تک ملتوی کر دی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات