وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی سے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اورینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد کی ملاقات

بدھ 27 مارچ 2024 16:18

وزیراعلیٰ بلوچستان میرسرفراز بگٹی سے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اورینگ ..
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے پاکستان میڈیکل ایسوسی ایشن اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندہ وفد نے ملاقات کی اور صحت کے شعبے میں ڈاکٹرز کو درپیش مسائل اور عوام کو بہتر طبی سہولیات کی فراہمی سے متعلق تجاویز پر تبادلہ خیال کیا ۔ ملاقات میں ڈاکٹروں اور طبی عملے کی غیر حاضری پر زیرو ٹالرنس پالیسی پر اتفاق کرتے ہوئے بڑے ہسپتالوں میں طبی سہولیات کو بہتر بنانے کے لئے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے مختلف پہلوئوں پر غور کیا گیا جبکہ ہسپتالوں میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کے لئے خدمات کو آئوٹ سورس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں ہیلتھ سروسز کو بہتر بناکر غریبوں کو ریلیف فراہم کریں گے ۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں ڈاکٹرز اور اسٹیک ہولڈرز کی مثبت تجاویز کا خیر مقدم کیا جائے گا ،مل بیٹھ کر مشاورت سے ہیلتھ کئیر سسٹم کی فعالیت اور بہتری کیلئے اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ غیر حاضر اور دوہری ملازمت کے حامل ڈاکٹرز کے خلاف کارروائی ہوگی ،ساتھ ساتھ حاضر باش ڈاکٹروں کی حوصلہ افزائی کریں گے۔

میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ ضلعی افسران اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹس کا تقرر میرٹ پر کیا جائے گا ۔تقرری کے بعد افسران کی تعیناتی کے دورانیہ کو تحفظ دیا جائے گا تاکہ وہ پوری یکسوئی سے کار سرکار کی انجام دہی کرسکیں ۔وزیر اعلیٰ نے کہا کہ مقامی سطح پر عوامی امور کی سہل انجام دہی کے لئے اختیارات نچلی سطح پر منتقل کریں گے ۔