پاکستان اور ترکیہ میں جاری مالی سال کے دوران دوطرفہ تجارتی حجم ، ترکیہ کو پاکستانی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 12.48 فیصد اضافہ، درآمدات میں 0.13 فیصد کی کمی

بدھ 27 مارچ 2024 16:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) پاکستان اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تجارت کے حجم میں جاری مالی سال کے دوران اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ترکیہ کو پاکستانی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر 12.48 فیصدکا اضافہ جبکہ درآمدات میں 0.13 فیصد کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ترکیہ کو برآمدات سے ملک کو 233.11 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 12.48 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ترکیہ کو برآمدات سے ملک کو 207.24 ملین ڈالر کا زرمبادلہ حاصل ہوا تھا۔

فروری 2024 میں ترکیہ کو پاکستانی برآمدات کا حجم 28.41 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو جنوری میں 24.07 ملین ڈالر اور گزشتہ سال فروری میں 21.19 ملین ڈالر تھا۔

(جاری ہے)

مالی سال 2023 میں ترکیہ کو پاکستانی برآمدات کا حجم 323.32 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ترکیہ سے درآمدات پر 333.74 ملین ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 0.13 فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ترکیہ سے درآمدات پر 334.19 ملین ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا تھا، فروری میں ترکیہ سے درآمدات کا حجم 45.43 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو جنوری میں 34.79 ملین ڈالر اور گزشتہ سال فروری میں 49.36 ملین ڈالر تھا، مالی سال 2023 میں ترکیہ سے درآمدات پر 477.60 ملین ڈالر کا زرمبادلہ خرچ ہوا تھا۔

\395