پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی بیرون ممالک منتقلی میں جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں نمایاں اضافہ

بدھ 27 مارچ 2024 16:59

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی بیرون ممالک منتقلی میں جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں پاکستان میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری سے حاصل منافع کی مد میں 759.2 ملین ڈالر کی بیرون ممالک منتقلی ریکارڈ کی گئی جو گذشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 237 فیصد زیادہ ہے۔

گذشتہ مالی سال کی اسی مدت میں غیر ملکی سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی مد میں 225.4 ملین ڈالر کی بیرون ممالک منتقلی ریکارڈ کی گئی تھی۔ اعداد و شمار کے مطابق فروری میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی مد میں 64.9 ملین ڈالر کی بیرون ممالک منتقلی ریکارڈ کی گئی جو گذشتہ سال فروری میں 4.9 ڈالر تھا۔

(جاری ہے)

اعداد و شمار کے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں پٹرولیم ریفائننگ کی مد میں غیر ملکی سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی مد میں 126.4 ملین ڈالر، بجلی 109.1 ملین ڈالر، مالیاتی بزنس 104 ملین ڈالر، خوراک 97.4 ملین ڈالر، ٹرانسپورٹ 68.4 ملین ڈالر، تجارت 17.8 ملین ڈالر، تمباکو 20.1 ملین ڈالر اور پٹرول کیمیکل کے شعبہ میں براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری پر حاصل منافع کی مد میں 13.8 ملین ڈالر کی بیرون ممالک منتقلی ریکارڈ کی گئی۔

\395