پنجاب میں موسم بہار کی شجر کاری مہم کے تحت زرعی سائنسدانوں نے ایوب ریسرچ فیصل آباد میں پودے لگائے

بدھ 27 مارچ 2024 17:33

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) پنجاب میں موسم بہار کی شجر کاری مہم کے تحت ڈاکٹر سرفراز حسین، چیف سائنٹسٹ انسٹیٹیوٹ آف انوائرمینٹل سائنسزکالا شاہ کاکو،ڈاکٹر محمد نسیم چیف سائنٹسٹ شعبہ سائل کیمسٹری، ڈاکٹر محمد عبداللہ پرنسپل سائنٹسٹ، ڈاکٹر محمدعرفان الحق،سینئر سائنٹسٹ ڈاکٹر محمد آفتاب،اسٹیٹ آفیسراور محمد شفیق کے ہمراہ شعبہ سائل کیمسٹری ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے احاطہ میں پودے لگائے اور ملک کی خوشحالی اور زرعی ترقی کیلئے خصوصی دعا مانگیں۔

اس موقع پر ڈاکٹر سرفراز حسین نے زرعی سائنسدانوں اور دفتری سٹاف کے علاوہ قوم کو پنجاب بھر میں مختلف انواع کے درختوں کے علاوہ پھلوں اور زیبائشی پودے لگانے کی ہدایت کی۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر محمد نسیم نے اس موقع پر بتایا کہ موجودہ صدی میں ہونے والی صنعتی ترقی اور اربنائزیشن کے نتیجہ میں فضا میں گرین ہاؤ س گیسزکا تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے۔فضا میں کاربن ڈائی آکسائیڈ کی کنسنٹریشن280پی پی ایم سے بڑھ کر 417پی پی ایم ہو گئی ہے جسکی وجہ سے گلوبل وارمنگ میں بھی اضافہ ہوا ہے اور درجہ حرارت میں 1.5ڈگری سینٹی گریڈ کا اضافہ نوٹ کیاگیا ہے۔

پاکستان دنیا میں ماحولیاتی آلودگی کے حوالہ سے دنیا کے سر فہر ست ممالک میں شامل ہے۔ایک تناور درخت 5فیملی ممبران کی آکسیجن کی ضرورت پوری کرتا ہے۔ اس اہمیت کے پیش نظر موسم بہار کی شجر کاری مہم کو کامیاب بنانے کے لئے زیادہ سے زیادہ پودے لگائے جائیں اور انکی بہتر دیکھ بھال کو یقینی بنایا جائے۔ اس ماحول دوست مہم میں تمام افسران اور دفتری سٹاف شامل ہوکر اپنا قومی فریضہ سرا نجام دیں۔

ڈاکٹر محمد آفتاب نے اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ 21 مارچ کو ''جنگلات کے عالمی دن'' کے طور پر منانے کا مقصد ماحولیاتی آلودگی اور گلوبل وارمنگ جیسے چیلنجز سے نبرد آزما ہونے کیلئے درختوں کی تعداد میں اضافہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ڈاکٹر عرفان الحق نے شجر کاری کی اس مہم کے دوران بتایا کہ موجودہ حکومت کی طرف سے ماحولیاتی آلودگی کو کم کرنے کیلئے شجر کاری مہم شروع کی ہے جس میں ادارہ کے تمام سرکاری افسران اور دیگر سٹاف حصّہ لے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ موسم بہار کی حالیہ شجر کاری مہم کو کامیاب بنایا جائے اورایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے تمام شعبہ جات سمیت پوری قوم اس شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں تاکہ مستقبل میں ہماری آنے والی نسلیں ایک صاف ستھرے اور ہرے بھرے اور پر فضا ماحول میں سانس لے سکیں۔