پتنگ باز قوم کے جوانوں بزرگوں اور بچوں کی گردنیں اڑارہے ہیں،پیر ارشد کاظمی

بدھ 27 مارچ 2024 19:15

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) تحریک اہلسنّت پاکستان صوبہ سندھ کے صدر پیر سید ارشدعلی شاہ کاظمی القادری نے کہاہے کہ دھاتی ڈور دودھاری تلوار بن گئی ہے جس سے پتنگ باز قوم کے جوانوں بزرگوں اور بچوں کی گردنیں اڑارہے ہیں، افسوس کی بات یہ ہے کہ ملک میں قتل عام جاری ہے کوئی گٹرمیں گرکر مرگیا، کسی کوڈاکو نے ماردیا،کسی کو اناڑی ڈرائیور نے ماردیااور کوئی ڈور پھرنے سے مرگیا لیکن حکومتی ذمہ داران اور متعلقہ حکام کی جانب سے ہمیشہ بلند بانگ دعوے ہی کئے جاتے ہیں عملی اقدامات نظرنہیں آتے، کوئی اس ماں سے پوچھے جس نے اولاد کو جنم دینے سے لے کر جوان ہوتے دیکھا، اُمیدیں باندھیں اورجب اس کی خوشیاں دیکھنے کا وقت آیاتوبجائے دولہابنانے کے اس کا جنازہ دیکھا،لیکن حکمرانوں کی جانب سے ہمیشہ بسنت منانے پر پابندی لگانے کی بات ہوتی ہے لیکن ہر سال بسنت منانے والے دہشتگرد قوم کے بچوں کو کھلے عام ماررہے ہوتے ہیں لیکن آج 75 سال بعد بھی اخبار کی وہی سرخیاں ہیں،نوٹس لے لیا،تھانیدار معطل، کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا، آپریشن شروع،ہیلی کاپٹر سے نگرانی، وغیرہ وغیرہ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ افسوس اس ملک میںعام انسانوں کی کوئی وقعت نہیں ہے، مراعات یافتہ طبقہ جو طبقہء اشرافیہ کہلواتاہے اس نے ملک کے تمام وسائل اپنے اختیار میں لے رکھاہے باقی بچنے والی عوام کی ملک میں کوئی حیثیت نہیں ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ حکمران محض دعووں کے بجائے عملی اقدامات کریں اور پتنگ بنانے سے بیچنے والوں اور اڑانے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائیں۔