وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر کا زیڈ ایم سی پرائمری اینڈ سکینڈری اسکول فائیو سی فور کا دورہ

بدھ 27 مارچ 2024 20:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر کازیڈ ایم سی پرائمری اینڈ سکینڈری اسکول فائیو سی فورنارتھ کراچی کا دورہ۔ اسکول میں طلبا و طالبات کو فراہم کی جانے والی سہولتوں کا جائزہ،اسکول میں موجود فرنیچر کی کمیابی اور خستہ حال عمارت پر تشویش کا اظہار ۔ ا س موقع پرمحکمہ اطلاعات و تعلقات عامہ نیو کراچی کے پبلک ریلیشن آفیسر عقیل اختر و دیگر بلدیاتی افسران بھی موجود تھے ۔

اس موقع پر وائس چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن شعیب بن ظہیر نے تدریسی عمل کا جائزہ لینے کے ساتھ اساتذہ کی حاضری چیک کرتے ہوئے کہا کہ اسکولوں کے نظام تعلیم کو اپ گریڈ کرنے کی ضرورت ہے ،کسی بھی معاشرے کی ترقی کا راز تعلیم میں پوشیدہ ہے۔

(جاری ہے)

تعلیم سے ایک فرد کی شخصیت نکھرنے کے ساتھ ساتھ معاشرے پر بھی مثبت سیاسی، معاشی اور معاشرتی اثرات پڑتے ہیں اور یوں ایک خوش حال اور باشعور معاشرہ تشکیل پاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گورنمنٹ اسکول میں اساتذہ کی کمی کو پورا کرنے اور تزین و آرائش سے لیکر عمارتوں کی مرمت کرکے فوری بحالی کے کام کئے جائیں ۔انہوں نے کہا کہ نصاب پر ہر چار پانچ سالوں کے بعد نظر ثانی ضروری ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ کسی بھی تعلیمی نظام کی بہتری اور کامیابی کے لیے اساتذہ کی ٹریننگ جدید اصولوں کے مطابق کی جائے ۔