قرآن مجید کو پڑھ اور سمجھ کر ضابطہء حیات بنایاجائے، فقیرشکیل قاسمی

بدھ 27 مارچ 2024 20:50

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) جمعیت علمائے پاکستان کراچی کے جنرل سیکریٹری فقیر ملک محمدشکیل قاسمی نے کہاہے کہ قرآن پاک صرف ثواب کمانے کے لئے پڑھنے کے بجائے سمجھ کر اسے ضابطہء حیات بنایاجائے۔ آج دنیاقرآن پاک کی عظمت کو سمجھ کراسلام کی حقانیت کو تسلیم کررہی ہے اوردنیابھرمیں دائرہء اسلام میں داخل ہونے والوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے ، دنیااسلام کی حقانیت کو مان رہی ہے مگر افسوس اسلام کے نام پر قائم ہونے والی مملکت میں اسلام کا نام لینامشکل کیاجارہاہے۔

اہم منصبوں پر ایسے ایسے لوگ براجمان ہوگئے ہیں جو قرآن پاک کی من مانی تشریح کرکے قوم کو گمراہ کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔یہ باتیں انہوں نے جامع مسجد نورانی گارڈن ویسٹ کراچی میں عظمت قرآن ویوم ولادت امام حسن مجتبیٰ ؓ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ کانفرنس میں میزبان عبدالحسن اشرفی،جے یوپی کراچی کے سینئر نائب صدر عبدالوحید یونس،جوائنٹ سیکریٹری محمداسلم آرائیں،معروف ثناء خواں سید حسن عسکری،عتیق احمدقادری، محمد اکرم نقشبندی، ملک شکیل احمد، آصف سومرو، فہیم باجوا، یوسف ماچا، یاسرعرس والا، اکرم قریشی، عثمان اجمیری ودیگر سمیت علاقہ معززین وعوام کی بڑی تعداد شریک تھی۔

فقیر ملک محمدشکیل قاسمی نے اپنے خطاب میں مزید کہاکہ قرآن پاک کی تعلیم بحیثیت مسلمان ہر شخص کو حاصل کرنی چاہئے ،حیرت اور افسوس کی بات ہے کہ اسلامی نظریاتی مملکت میں انگریزی زبان کو ترقی کا ذریعہ سمجھاجاتاہے جبکہ قرآن پاک کے پڑھنے والوں نے وہ وہ کارہائے نمایاں انجام دیئے ہیں جن کی تقلید کرکے غیروں نے ترقی کی ہے۔انہوں نے کہاکہ قرآن پاک کوئی عام کتاب نہیں بلکہ کلام الٰہی ہے اور اللہ کے کلام کا ہر ہر لفظ بابرکت ولائق تقدیس ہے۔قرآن پاک کی بابت گفتگوکرتے ہوئے انتہائی احتیاط کی ضرورت ہے، کہیں ایسانہ ہوکہ لوگوں کو متاثرکرنے یا ہنسانے کے لئے کوئی دائرہء اسلام سے ہی خارج ہوجائے۔