صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کاانسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ٹرانسفیوژن سروس پنجاب کے ہیڈآفس کا دورہ

بدھ 27 مارچ 2024 22:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2024ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ٹرانسفیوژن سروس پنجاب کے ہیڈآفس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری ٹیکنیکل محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن ڈاکٹر حافظ شاہد لطیف، ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر شبنم بشیر اور سیکرٹری ڈاکٹر عمران بشیر نے صوبائی وزیرصحت کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا ۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے تھیلیسیمیاء سنٹر کا دورہ کرکے بچوں کی عیادت بھی کی۔ڈاکٹر عمران بشیر نے صوبہ بھر کے بلڈ بنکس میں مریضوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات بارے بریفنگ دی۔صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ٹرانسفیوژن اور پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہاکہ انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ٹرانسفیوژن کی استعدادکار کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

بلڈ بنکس میں ریکارڈ نہ بنانے پر سخت محکمانہ ایکشن لیا جائے گا۔ خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ انسٹی ٹیوٹ آف بلڈ ٹرانسفیوژن اور پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی میں ایچ آر کے مسائل کو حل کریں گے۔بلڈ بنکس میں صاف خون کی فراہمی ہر مریض کا بنیادی حق ہے۔ پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں بلڈ بنکس کو جدید ٹیکنالوجی کے مطابق چلانا چاہتے ہیں۔صوبائی وزیرصحت نے کہاکہ 2024 کے آخرتک بلڈ ٹیسٹ کلایا ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کا عہد کیا ہے۔

پنجاب بھر میں اس وقت 1293 رجسٹرڈ جبکہ 461 بلڈ بنکس لائسنس شدہ ہیں۔صوبائی وزیرصحت نے پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی کو غیر قانونی بلڈ بنکس کے خلاف فوری کارروائی عمل میں لانے کی ہدایت کی ۔انہوں نے کہاکہ سیکرٹری پنجاب بلڈ ٹرانسفیوژن اتھارٹی خود صوبہ بھر کے بلڈ بنکس کا دورہ کرکے حالات کا جائزہ لیں۔