|پنجاب بھر میں مختلف ٹریفک حادثات میں 473 افراد شدید زخمی ہو گئے

بدھ 27 مارچ 2024 20:10

ض*لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2024ء) ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے گذ شتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب بھر میں 1008 ٹریفک حادثات پر ریسپانڈ کیا جن میں473 افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طور پر نزدیکی ضلعی و تحصیل کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔ 579 معمولی زخمی لوگوں کو ریسکیومیڈیکل ٹیموں کے جائے حادثہ پر بروقت طبی امداد فراہم کرنے کی وجہ سے ہسپتالوں پر بوجھ بھی کم ہوا۔

ان حادثات میں زیادہ تر تعداد (74فیصد) موٹر سائیکلز حادثات کی ہے اس لیے وقت کی ضرورت ہے کہ روڈ ٹریفک حادثات کی بڑھتی ہوئی شرح کو کم کرنے کے لیے ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل کرتے ہوئے لائن اور لین کے نظم و ضبط کا خیال رکھیں۔ ایمرجنسی ا عداد و شمار کے مطابق ریسکیو 1122کے صوبائی مانیٹرنگ سیل کو موصول ہونے والی ایمرجنسی کالز کے مطابق ان ٹریفک حادثات میں 570 ڈرائیوز، 50 کم عمرڈرائیور، 348 مسافر اور 140پیدل چلنے والے افراد متاثر ہوئے۔

(جاری ہے)

اعدادو شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ245ٹریفک حادثات کی فون کالز لاہور کنٹر ول روم میں موصول ہوئیں جس میں صوبائی دارالحکومت 256 متاثرین کے ساتھ پہلے فیصل آباد 91حادثات میں88متاثرین کے ساتھ دوسرے، گوجرانوالہ 62حادثات میں65متاثرین کے سا تھ تیسرے نمبرپررہا۔ واضح رہے کہ ان ٹریفک حادثات کے کل1058 متاثرین میں 854 مرد اور 204 خواتین شامل ہیں جبکہ زخمی ہونیوالوں میں 170افراد کی اوسط عمر18سال سے کم 593افراد کی اوسط عمر 18سے 40سال کے درمیان جبکہ 295زخمی افراد کی اوسط عمر 40سال سے زائد ہے۔ ان ٹریفک حادثات کے بیشتر واقعات میں877 موٹر سائیکلز، 62 آٹورکشے، 100 کاریں، 20 وین06 مسافر بسیں، 22 ٹرک اور97دوسری اقسام کی گاڑیاں شامل ہیں۔