ج*پنجاب سے سینٹ کی سات ا جنرل نشستوں پر سات امیدوار بلا مقابلہ منتخب

بدھ 27 مارچ 2024 20:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2024ء) پنجاب سے سینٹ کی سات ا جنرل نشستوں پر سات امیدوار بلا مقابلہ منتخب ہو گئے ہیں۔ منتخب ہونے والوں میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، حامد خان، پرویز رشید، طلال چودھری، علامہ راجہ ناصر عباس اور دیگر شامل ہیں۔ دو اپریل کو ہونے والے سینٹ انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی واپس لینے کے آخری روز پنجاب سے سات جنرل نشستوں پر تکنیکی طور پر سات امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہو گئے۔

پنجاب کی سات جنرل نشستوں پر بارہ امیدوار مدمقابل تھے۔ جن میں سے پانچ نے کاغذات واپس لے لیے۔ سات جنرل نشستوں پر سات امیدوار ہی میدان میں رہ گئے۔ تکنیکی طور پر ساتوں امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہو گئے ہیں۔ جنرل نشستوں پر مسلم لیگ ن کے پانچ اور تحریک انصاف اور مجلس وحدت مسلمین کا ایک ایک امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوا ہے۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ ن کے پرویز رشید ، ناصر محمود بٹ ، احد چیمہ اور طلال چوہدری کامیاب ہو گئے ہیں جبکہ حکومتی اتحاد کے حمایت یافتہ محسن نقوی بھی کامیاب ہو گئے ہیں۔

سنی اتحاد کونسل کے حامد خان ایڈوکیٹ اور مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری بھی کامیاب ہو گئے ہیں۔ واضح رہے کہ پانچ امیدواروں ولید اقبال، شہزاد وسیم ، اعجاز منہاس، مصدق ملک اور عمر چیمہ نے اپنے کاغذ واپس لے لیے تھے۔ مصطفی رمدے نے بھی ٹیکنوکریٹ کی نشست سے کاغذات واپس لے لئے ہیں۔