ں*پی این آئی ایل سے نکالنے کی درخواست منظور ، عثمان ڈار کو عمرے پر جانے کی اجازت

بدھ 27 مارچ 2024 20:10

tلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 مارچ2024ء) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے پی این آئی ایل سے نکالنے کی درخواست منظور کرتے ہوئے مشروط طور پر عثمان ڈار کو عمرے پر جانے کی اجازت دیدی۔ عدالت نے درخواست گزار کو سیکرٹری داخلہ کو شورٹی بانڈ دینے کی ہدایت کر دی۔ وکیل نے موقف اپنایا کہ عثمان ڈار اپنے خاندان کے ساتھ عمرہ کرنے جانا چاہتے ہیں، ایف آئی اے نے ان کا نام پروینشل نیشنل آئیڈنٹیفکیشن لسٹ میں ڈال رکھا ہے، پولیس کے کہنے پر ایف آئی اے نے عثمان ڈار کا نام پی این آئی ایل میں شامل کیا، پولیس اور ایف آئی اے کو نام لسٹ سے نکالنے کی درخواست کی مگر مذکورہ محکموں نے درخواست پر کوئی کارروائی نہیں کی۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں عثمان ڈار کی عبوری ضمانت پر سماعت کرتے ہوئے ان کی 7 روزہ حفاظتی ضمانت بھی منظور کر لی۔

(جاری ہے)

عثمان ڈار نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس ملک میں عدلیہ چاہے تو شہریوں کے حقوق کا تحفظ کر سکتی ہے، کچھ ججوں کا ضمیر جاگ رہا ہے، ہمیں عدالتوں سے انصاف ملنا شروع ہو گیا ہے، عدلیہ کا ریلیف دینا خوش آئند بات ہے ، جی ایچ کیو کے جھوٹے مقدمے میں نامزد کیا گیا میں وہاں موجود نہ تھا، عمرہ پر جا کر نفل ادا کروں گا، ہم ملک چھوڑ کر بھاگ کر کہیں نہیں جائیں گے۔