پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کے بورڈ کا افتتاحی اجلاس، آپریشن کا باضابطہ آغاز

بدھ 27 مارچ 2024 20:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کے آپریشن کا باضابطہ آغاز ہوگیا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق بدھ کو سیکرٹری ایوی ایشن کے دفتر میں نو تشکیل یافتہ پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز ہولڈنگ کمپنی کے بورڈ کا افتتاحی اجلاس ہوا جس سے کمپنی کے آپریشن کا باضابطہ آغاز ہوگیا۔

(جاری ہے)

ترجمان پی آئی اے کے مطابق وفاقی حکومت 20مارچ 2024 کو پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کے قیام کو عمل میں لائی تھی اور گزشتہ ہفتے اس کے بورڈ آف ڈائریکٹرز بھی نامزد کردیئے گئے تھے۔

سابق گورنر اسٹیٹ بینک اور سابق فیڈرل سیکرٹری خزانہ طارق باجوہ کو کمیٹی کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے، موجودہ سی ای او پی آئی اے ائیر وائس مارشل عامر حیات نئی کمپنی کے پہلے سی ای او ہوں گے۔نئے چیئرمین کی سربراہی میں پی آئی اے ہولڈنگ کمپنی کے اجلاس میں پی آئی اے کی پرائیوٹائزیشن سے متعلق سکیم آف ارینجمنٹ کی منظوری بھی دی گئی۔ترجمان کے مطابق بورڈ نے کمپنی سے متعلق مختلف اہم امور پر مفصل تبادلہ خیال کیا جس میں ہولڈنگ کمپنی کی تنظیم سازی سے منسلک فیصلے بھی کیے گئے۔