بانی پی ٹی آئی کی جیل ملاقاتوں پر پابندی کے خلاف درخواست پر سماعت

بدھ 27 مارچ 2024 21:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 مارچ2024ء) ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے اسلام آباد ہائیکورٹ کو بتایا ہے کہ اڈیالہ جیل کے قیدیوں سے 14 دن کے لیے ملاقاتوں پر پابندی کا نوٹیفکیشن غیر موثر ہو چکا ہے۔ بانی پی ٹی آئی کتنے مقدمات میں اڈیالہ جیل میں قید ہیں؟ جیل حکام کی جانب سے رپورٹ جمع کرا دی گئی۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ جیل میں 2200 قیدیوں کی گنجائش ہے جہاں مجموعی طور سات ہزار سے زائد ملزمان اور مجرمان قید ہیں جن میں 31 سو اسلام آباد کے قیدی ہیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس ارباب محمد طاہر نے بانی پی ٹی آئی کی جیل ملاقاتوں پر پابندی کے خلاف درخواست پر سماعت کی۔ جیل حکام نے بتایا کہ رپورٹ جمع کرا دی ہے جس میں بانی پی ٹی آئی کے کیسز اور قیدیوں کی تفصیل ہے۔

(جاری ہے)

چیف کمشنر نے رپورٹ جمع کرانے کے لیے مہلت طلب کر لی۔ جسٹس ارباب طاہر نے استفسار کیا کہ اسلام آباد کے قیدیوں کو کس ارینج منٹ کے تحت اڈیالہ جیل میں رکھا جاتا ہے؟ کوئی نوٹیفکیشن ہو گا، وہ عدالت کے سامنے رکھیں۔

اسلام آباد انتظامیہ کی اڈیالہ جیل حکام کے ساتھ کیا طے شدہ ہے وہ آپ جمع کرائیں۔ بتائیں کہ اسلام آباد کے زیر التواء مقدمات کے کتنے قیدی کس طرح رکھے جا رہے ہیں جواب جمع کرائیں۔ چیف کمشنر کے وکیل نے کہا یہ معاملہ بہت پرانا ہے، لیٹر تلاش کرنے کیلئے مزید وقت دیا جائے۔ ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب بلیغ الزمان نے بتایا کہ چودہ دن کے لیے جیل میں قیدیوں کی ملاقاتوں پر پابندی کا نوٹی فکیشن غیر موثر ہو چکا ہے۔ کیس کی مزید سماعت عید کے بعد تک ملتوی کر دی گئی۔