بجلی چوری کی روک تھام مہم میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت نہیں ہو گی،سرداراویس احمدلغاری

بجلی چوری نے ملکی معیشت کو بری طرح متاثرکیا ہے، بجلی چوری کے خاتمہ کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے، وفاقی وزیرتوانائی کاخطاب

بدھ 27 مارچ 2024 22:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) وفاقی وزیرتوانائی(پاور ڈویژن)سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ بجلی چوری کی روک تھام مہم میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت نہیں ہو گی،بجلی چوری نے ملکی معیشت کو بری طرح متاثرکیا ہے،ڈسکو ز کے افسران بجلی چوری کے خاتمہ مہم میں جدت پیدا کرنے کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال کریں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیز کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو آفیسرز سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ بجلی چوری ایک اقتصادی دہشت گردی ہے جس نے ملکی معیشت کو بری طرح متاثرکیا ہے، ڈسکو ز کے افسران بجلی چوری کی خاتمہ مہم میں جدت پیدا کرنے کیلئے ٹیکنالوجی کا استعمال کریں۔

(جاری ہے)

سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ بجلی چوری کی روک تھام میں حائل تمام رکاوٹیں دور کریں اور اس میں ملوث ملازمین اور افسران کے ساتھ آہنی ہاتھوں نمٹا جا ئیگا، بجلی چوری کی روک تھام مہم میں کسی قسم کی سیاسی مداخلت نہیں ہو گی، افسران میرٹ پر فیصلے کریں۔

وفاقی وزیر نے تمام ڈسکوز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کی شکایات کے بروقت حل کیلئے ملک بھر میں جدید کسٹمر سروس سنٹر قائم کرکے قابلیت کے حامل افسران تعینات کیے جائیں۔ انہوں نے صارفین کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کی ہدایت جاری کی اور کہاکہ بجلی کے نئے کنکشن کی تنصیب میں تا خیر ہر گز برداشت نہیں کی جائے گی۔وفاقی وزیر توانائی نے افسر شاہی کے خاتمہ اور عوامی نمائندوں اور عام صارفین کے ساتھ اچھا برتا کرنے پر زور دیا ۔علاوہ ازیں انہوں نے ڈسکوز مینجمنٹ کو ہدایت جاری کیں کہ وہ کمپنی کے تمام مالی ریکارڈ کو اپ ڈیٹ رکھیں اور اثاثہ جات کی تفصیلات مرتب کریں۔