اسحاق ڈار کو اردن کے نائب وزیر اعظم ایمن صفادی کا ٹیلی فون،وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی

دونوں وزراء کی فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی قابض افواج کی غیر انسانی اور وحشیانہ کارروائیوں کی شدید مذمت

بدھ 27 مارچ 2024 22:15

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 مارچ2024ء) وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کو اردن کے نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ ایمن صفادی نے ٹیلی فون کرکے وزیر خارجہ کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ بدھ کو دفتر خارجہ کے مطابق وزیرخارجہ محمد اسحاق ڈار نے اردن کے وزیر خارجہ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام شاہی خاندان اور اردن کے عوام کے لئے بہت عزت رکھتے ہیں۔

(جاری ہے)

دونوں وزرائے خارجہ نے پاکستان اور اردن کے درمیان کثیر الجہتی تعاون کی رفتار کو مزید آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔ غزہ کی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے دونوں وزراء نے فلسطینی عوام کے خلاف اسرائیلی قابض افواج کی غیر انسانی اور وحشیانہ کارروائیوں کی شدید مذمت کی۔انہوں نے فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ غزہ کے لوگوں کے لئے انسانی امداد کی فراہمی میں بلا روک ٹوک اور اضافہ کی ضرورت ہے۔